اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد میں کورونا کی تشویشناک صورتحال، شہرکے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ،سینکڑوں گھروں کو قرنطینہ قراردے کر سخت سکیورٹی تعینات کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔40 سے زائد گلیاں سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اسلام آباد میں کل 600 گھروں کو قرنطینہ کیا جا رہا ہے۔ کل 600 گھروں میں دو ہزار مثبت کیسز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تمام گھروں پر سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہیں۔ تمام گھروں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ کورونا مثبت آنے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے ویکسینیشن نہیں کرائی تھی۔اعلامیے کے مطابق سیکٹر جی ٹین تھری کی چار گلیوں کو سیل کیا گیا ہے۔سیکٹر ایف الیون تھری کی دو، جی13ٹو کی7، ای الیون فور کی تین، آئی ٹین ٹو کی دو، جی نائن فور کی دس، آئی ایٹ فور کی چار، آئی ٹین ون کی دس اور جی پندرہ کی ایک گلی کو سیل کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیسزکی شرح دیکھتے ہوئے دیگر علاقوں کو بھی سیل کیا جا سکتا ہے۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 87 ہزار 699 ہوگئی ہے۔اسلام آباد میں کل 803 اموات ہوئی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔دوسری جانبکراچی سمیت صوبے بھر میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کا دوسرا روز جاری ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کا دوسرا روز ہے اور شہر بھر کے تمام تجارتی مراکز، تعلیمی ادارے، کھیل و تفریحی مقامات مکمل بند ہیں، جب کہ بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ کے علاوہ اندرون شہر ٹرانسپورٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔سڑکوں پر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری سمیت ٹیکسی، رکشہ اور چنگ چی رواں دواں ہیں، لاک ڈاؤن اور ہفتہ وار تعطیل کے باعث شہر میں ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے، اور ماسک کی پابندی اور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی چیکنگ کے لئے پولیس کے ناکے لگائے ہیں۔صوبے بھر میں صحت اورضروری سروسز فراہم کرنے والے اداروں کے علاوہ تمام دفاتر بند ہیں، میڈیکل اسٹورز، کریانہ، بیکریز، ڈیری شاپس، سبزی و پھل، گوشت کی دکانیں کُھلی ہیں، ریسٹورنٹس سے ایس او پیز کے ساتھ صرف ہوم ڈیلیوری کی جارہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں