اسلام آباد(پی این آئی) محکمہ موسمیات نے (آج) ہفتے سے منگل کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے اور بتایا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بعض مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث ہفتے سے منگل کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سر گودھا، میا نوالی، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور،کوہاٹ ،ٹانک اورکرک میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے، اور اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران گلگت بلتستان(غذر، استوار، دیامیر، سکردو، گلگت، ہنزہ ،نگر، گانگچھے اورکھرمنگ)، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ساہیوال میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث ہفتہ سے پیر کے دوران شانگلہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، سوات، کوہستان، کشمیر، اسلام آباد و راولپنڈی، سیالکوٹ اور نارووال کے بعض مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اس دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ،لاہور،فیصل آباد اور سرگودھا میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے، جب کہ اس دوران بارشوں کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائینڈنگ کا خطرہ ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں