لاہور(پی این آئی) جہانگیرترین گروپ نے نذیرچوہان کی حمایت میں بھرپور آواز اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، ترین گروپ نے کہا کہ نذیر چوہان کو کسی طرح بھی تنہا نہ سمجھا جائے،پوراگروپ نذیرچوہان کے ساتھ کھڑا ہے، نذیر چوہان سے اظہار یکجہتی کیلئے کل عدالت میں اکٹھے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء راجا ریاض کی رہائشگاہ پر جہانگرترین گروپ کے ارکان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گروپ کے ارکان نے نذیر چوہان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور نذیر چوہان کیخلاف کی گئی انتقامی کاروائیوں کی مذمت کی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ نذیر چوہان کو کسی طرح بھی تنہا نہ سمجھا جائے، ترین گروپ نذیرچوہان کے ساتھ کھڑا ہے۔اجلاس میں ترین گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بھی خراج تحسین پیش کیا کہ اسپیکر نے پروڈکشن آرڈر سے منتخب نمائندوں کی عزت بحال کی۔ترین گروپ کے ارکان نذیر چوہان سے اظہار یکجہتی کیلئے کل عدالت میں اکٹھے ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتقامی کاروائیاں براشت نہیں ہیں، انتقامی کاروائیوں کیخلاف آواز بلند کریں گے۔یاد رہے 29 جولائی کو مقامی عدالت نے جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا تھا، نذیر چوہان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات کے تحت تیسرا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم کی جانب سے جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کوجسمانی ریمانڈ کیلئے ضلع کچہری میں پیش کیا گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف عبدالرحمان نے جسمانی ریمانڈ کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایف آئی اے نے نذیر چوہان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے نذیر چوہان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور رکن پنجاب اسمبلی کو 31 جولائی کودوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں