ریلوے ٹکٹ میں ڈیم فنڈ کی وصولی ختم کرنے کا حکم

لاہور(آئی این پی ) وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے مسافروں سے ٹکٹ پر اضافی ڈیم فنڈ کی کٹوتی کو ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ اب مین اور برانچ لائنوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے ٹکٹ پر ڈیم فنڈ میں کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ریلوے افسران اکانومی کلاس پر 100 روپے تک کرائے پر فی مسافر ایک روپیہ کٹوتی کرتے تھے، اسی طرح 100 روپے سے زیادہ کرائے پر 2 روپے کٹوتی ہوتی تھی، ایئرکنڈیشنڈ کلاس میں 10 روپے ڈیم فنڈ کی مد میں کٹوتی ہوتی تھی۔ ریلوے مسافروں سے دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے یہ کٹوتی کی جارہی تھی۔ تاہم اب ریلوے ٹکٹ پر ڈیم فنڈ اضافی کٹوتی کو ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close