بجلی صارفین کیلئے بری خبر آگئی، بلوں میں اضافہ ہونے والا ہے

لاہور (پی این آئی) نان ٹیکس فائلر بجلی صارفین کے بلوں پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد۔ تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ یکم جولائی سے مخصوصی صارفین پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ لیسکو کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کے فیصلے کے تحت یکم جولائی سے وہ تمام صارفین جو ٹیکس فائلر نہیں ہیں، اگر ان کا بجلی کا بل 25 ہزار روپے سے زائد ہوا، تو ان پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔یکم جولائی 2021 سے 25 ہزار روپے سے زائد کے بل والے صارفین کو ساڑھے 7 فیصد اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ تاہم اگر بجلی صارف ٹیکس فائلر ہے تو 25 ہزار یا اس سے زائد کا بل آنے کے باوجود اس پر کوئی اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔نان ٹیکس فائلر بجلی صارفین پر اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کیے جانے کے حوالے سے وزارت توانائی کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ گزشتہ ماہ بجٹ پیش کرنے کے دوران یا اس کے بعد وفاقی وزیر شوکت ترین نے بھی اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔بجلی صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیسکو اعلامیہ کے حوالے سے متعلقہ وزارت کے حکام وضاحت جاری کریں۔ یہاں واضح رہے کہ حکومت متعدد مرتبہ بتا چکی ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے حکومت پر دباو ڈالا جا رہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جائے، تاہم وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے سے گریزاں ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم کے فیصلے کے باوجود بجلی کی پیداواری کمپنیاں آئے روز کسی نے کسی بہانے نیپرا کے ذریعے قیمتوں میں اضافہ کرواتی رہتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں