مظفر آباد (پی این آئی)آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج چیلنج کرنے کے بعد ن لیگ کو زور دار جھٹکا، ایل اے 43 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد لیگی امیدوار کو ایک مرتبہ پھر شکست، ، تحریک انصاف کے جاوید بٹ 782 ووٹوں سے کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایل اے 43 ویلی 4 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل ہو گئی ،تحریک انصاف کے جاوید بٹ ایک دفعہ پھر کامیاب قرار پائے۔دوبارہ گنتی کے بعد نتائج جاری کردئیے گئے ،نئے نتائج کے مطابق نسیمہ وانی کے 720 ہی ووٹ نکلے، تحریک انصاف کے جاوید بٹ کے 782 ووٹ نکلے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کی نسیمہ وانی نے نتائج کو چیلنج کیاتھا جس پر حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔دوبارہ گنتی میں بھی ووٹوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔دوسری جانبچیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر عبدالرشید سلہریا نے الیکشن نتائج کا اعلان کردیا۔مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر نےکہا کہ الیکشن صاف اور شفاف طور پر ہوئے اور ٹرن آؤٹ 62 فیصد رہا، ہارنا جیتنا مقدر کی بات ہے، جو ہار جاتا ہے وہ کہتا ہےکہ دھاندلی ہوئی ہے، تاہم کسی بھی جماعت نے ابھی تک دھاندلی سے متعلق کوئی تحریری شکایت نہیں کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نےکہا کہ باغ کے حلقےکے چار پولنگ اسٹیشن پر انتخاب 29 جولائی کو ہوگا جس کے بعد مخصوص نشستوں کا شیڈول جاری کیا جائےگا،44 کے نتائج آچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے آزادکشمیر انتخابات میں 25 نشستیں حاصل کیں جب کہ پیپلز پارٹی نے 11،مسلم لیگ ن نے6 اور مسلم کانفرنس اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے ایک،ایک نشست حاصل کی۔وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے پابندی کے باوجود آزاد کشمیر داخلے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم پاکستان کو خود احساس ہونا چاہیے تھا کہ علی امین گنڈاپور پر پابندی ہے وہ انہیں ساتھ لے کرکیوں آئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں