دبئی(پی این آئی)دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر یہ حادثہ جمعرات کی صبح پیش آیا جہاں فلائی دبئی اور گلف ائیرلائن کے دو مسافر طیارے ٹیکسی روڈ پر آپس میں ٹکرا گئے تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے سے متعلق ائیرلائن فلائی دبئی کا کہنا ہےکہ ان کے طیارے بوئنگ 737 نے کرغزستان کے لیے اڑان بھرنا تھی تاہم حادثے میں جہاز کے معمولی متاثر ہونے کے بعد اسے کھڑا کردیا گیا ہے اور اب مسافروں کو دوسری پرواز سے پہنچایا جائیگا۔ائیرلائن کا کہنا تھا کہ حادثے میں جہاز کے پروں کو نقصان پہنچا ہے اور ہم اس حادثے سے متعلق متعلقہ حکام کے ساتھ تحقیقات کررہے ہیں۔دوسری جانب گلف ائیر کا کہنا ہےکہ اس معمولی حادثے میں ان کا جہاز دوسری ائیرلائن کے جہاز سے ٹکرایا جس سے اس کی دُم کو نقصان پہنچا تاہم ائیرلائن کی جانب سے دوسرے جہاز کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں