سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل ! سی این جی بحران دوبارہ سر اٹھانے لگا

لاہور (پی این آئی) عید سے قبل سی این جی کے بحران کا خدشہ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی۔ اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز اور جنرل انڈسٹری کو گیس کی فراہمی دو روز کے لیے بند کی گئی ہے، گیس کی فراہمی ہفتہ سے پیر تک معطل رہے گی۔سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے طرف سے ہفتہ سے پیر تک گیس کی فراہمی معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر لوگوں کو اپنے گھروں کو جانا ہوتا ہے، اور اگر اس دوران گیس کا بحران پیدا ہو گیا تو لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول بھی مہنگا کر دیا گیا ہے، رہی سہی کسر سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کر کے پوری کر دی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماں ایل این جی ٹرمینل کی ڈرائی ڈاکنگ کی وجہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے تین شعبوں سیمنٹ، سی این جی اور غیر برآمدی صنعت کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔وزیر توانائی حماد اظہر نے ایک نجی نیوز چینل کو بتایا تھا کہ اینگرو آر ایل این جی ٹرمینل کی ڈرائی ڈاکنگ کی وجہ سے شعبہ توانائی کو گیس کی فراہمی کے لیے صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو سپلائی میں کمی کردی جائے گی۔کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے مرکزی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اسٹیک ہولڈرز نے اس خراب صورتحال کے لیے ناقص انتظام، غیر موثر فیصلہ سازی اور اس بحران کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا تھا۔ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگو نے کہا تھاکہ اس بحران سے کاروباری برادری اور عوام کو یکساں طور پر بہت بڑا نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا تھا کہ اس سے کاروبار متاثر ہوں گے اور پیداوار و برآمدات میں کمی واقع ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close