مظفرآباد (پی این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے ہمیشہ جانیں دیں، کشمیر کے جمہوری حقوق کیلئے بھی جان حاضر ہے، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، 25 جولائی کو صرف تیر پر ٹھپہ لگائیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو نے پہلے کوہالہ پل پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے ہمارا رشتہ 3 نسلوں سے ہے، میں پہلی بار کشمیر آئی ہوں، ہم نے جمہوریت کے لئے جانیں دی ہیں، پیپلزپارٹی پہلے بھی کشمیر کے ساتھ تھی اور آج بھی ہے، کشمیر سے محبت وراثت میں ملی ہے، تیر روزگار کا نشان ہے تیر کشمیر کا نشان ہے، 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں۔بعدازاں پٹیہکہ میں بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی اور اعلان کیا کہ ہم کشمیر کی آزادی کے لئے ہزار سال تک لڑیں گے۔ شہید بی بی رانی نے کہا کہ جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا لہو گرے گا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے کشمیریوں کو او آئی سی میں مبصر کا درجہ بھی دلایا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح کشمیری ہمیں حکم کریں گے ہم اسی طرح کریں گے جنگ کرنے کا کہیں گے تو جنگ کریں گے امن کا کہیں گے تو امن ہوگا۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی اپنی منشور پر عمل درآمد کرتی ہے بلاول بھٹو نے سندھ کےُلئے جو اعلان کئے ان پر عمل کئے۔ سندھ میں انفراسٹرکچر بنایا ،کڈنی اور دل کے ہسپتال بنائے۔ عوام کو تعلیم صحت کی سہولیات دیں اسی طرح آزاد کشمیر کے لئے جو اعلانات بلاول بھٹو نے کئے وہ بھی پورے ہوں گے۔ ہماری پہلی حکومت نے آزاد کشمیر میں تین میڈیکل کالجز،پانچ یونیورسٹیاں ،کوہالہ مظفرآباد روڈ اور سیکٹروں تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا۔ انہوں نے کیا کہ عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر بزدلی دکھائی مودی کے آگے کشمیر کو سر نڈر کیا اور اب کہتا ہے میں کیا کرو ں ۔صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں محترمہ آصفہ بھٹو کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں بھٹو وہ خاندان ہے جس نے کشمیر کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔یہ وہ خاندان ہے جس نے کشمیر اور ملک پاکستان ،جمہوریت اور اس کی ترقی کے لئے جانوں کی قربانی دی۔ پاکستان کی موجودہ قیادت نااہل ہے جس نے کشمیر پر مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ اور تقسیم کشمیر پر زبان بندی کر رکھی ہے۔ پچیس جولائی کشمیر پر ریفرنڈم کا دن ہے عوام تیر ہر مہر لگائیں گے۔ امیدوار اسمبلی سید بازل علی نقوی نے کہا کہ بھٹو خاندان اصل محب وطن اور عوام کا درد رکھنے والا خاندان ہے باقی سب نااہل اور بیوپاری ہیں آزاد کشمیر کے لوگ سیکیٹڈ اور بیوپاریوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ امیدوار اسمبلی سردار جاوید ایوب نے کہا کہ عوام پاکستان میں جعلی تبدیلی اور آزاد کشمیر میں جعلی گڈ گورننس کو آزما چکے اب وہ اپنے اپ کو تباہی کے حوالے نہیں کر سکتے۔ ان کے بہتری اور فلاع تیر پر ٹھپہ لگانے میں ہے۔ پچیس جولائی کا سورج پیپلزپارٹی کی کامیابی کی خوشخبری لے کر طلوع ہوگا۔ صوبائی وزیر سعید نے کہا کہ اگر بھٹو خاندان غدار ہے تو پھر ہم بھی غدار ہیں۔ وہ جلسہ میں نعرے بھی لگواتے رہے۔اس سے قبل آصفہ بھٹو زرداری جب مظفرآباد پہنچی تو کوہالہ کے مقام پر پیپلز پارٹی ازادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں ہزاروں جیالوں، پی وائی او، پی ایس ایف ،لیڈیز ونگ ،پیپلز لائرز سمیت ضلعی ، تحصیل اور مقامی تنظیموں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور ایک بڑی ریلی کی صورت میں شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا قافلہ جب امبور کیمپ پہنچنا تو مبارک حیدر نے فقیدالمثال استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جیالوں نے جئے بھٹو ، جیے بینظیر ،جیے بلاول ،جیے آصفہ کے فلک شگاف نعرے نعرے لگائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں