جیالے اور پارٹی عہدیدار اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابی تک جدوجہد جاری رکھیں، فریال تالپور

مظفرآباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور نے کہا ہے کہ نفیس اور عوامی جذبات کی علمبردار انتخابی مہم کی بدولت پیپلزپارٹی نے عوام کی سطح پر آزاد کشمیر کے انتخابات میں صاف و شفاف کامیابی کے لئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ گھٹیا زبان استعمال کرنے والے وفاقی وزرا بے بسی کی علامت بن چکے۔ جیالے اور پارٹی عہدیدار اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھیں اور کامیابی کا عمل مکمل ہونے تک جدوجہد جاری رکھیں۔ چئرمین بلاول بھٹو نے انتخابی مہم کا جو “مومنٹم “بنایا اس کو برقرار رکھا جائے تاکہ چئیرمین کا عوامی کشمیر کا وژن گھر گھر پہنچے۔ چوہدری لطیف اکبر نے اپنی ٹیم قیادت ثابت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو الیکشن میں نمبر ون پارٹی بنا دیا جس کے بعد ہمارا ہر امیدوار مقابلے میں پہلے نمبر پر ہے۔ وہ چوہدری لطیف اکبر کی رہائش گاہ پر مظفرآباد ڈویژن سے پارٹی کے نامزد امیدواروں جاوید ایوب،سید بازل نقوی،مبارک حیدر ،مبشر منیر سے انتخابات میں پارٹی کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کررہی تھیں۔ اس موقع پر مرکزی رہنما نثار کھوڑو اور سابق مشیر چوہدری ریاض بھی موجود تھے۔ اس سے قبل کوہالہ کے مقام پر چوہدری لطیف اکبر نے محترمہ فریال تالپور کا استقبال کیا اور انھیں اپنے گھر لے گئے جہاں ان کے اعزاز میں عشیائیہ بھی دیا۔مشاورتی اجلاس میں امیدواروں نے اپنی اپنی تجاویز دیں اور مرکزی پارٹی خاص طور پر چئیرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں شروع کی گئی انتخابی مہم اور اس کے رائے عامہ پر پڑنے والے اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ عوام کی طاقت سے 25 جولائی میں الیکشن پیپلزپارٹی جھاڑو پھیرتے ہوئے مارشل لا کی پیداوار طاقتوں کو شکست دے کر کامیاب ہو گی۔ عوام نے دیکھ لیا ہے غیر مہذب زبان استعمال کرنے والے کرپٹ اور نااہل بھی ہیں ان کو ووٹ دینے کا مطلب پاکستان والی مہنگائی اور بے روز گاری کو دعوت دینا ہے۔ پیپلزپارٹی نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے بھی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے کشمیری عوام انشااللہ پیپلزپارٹی پر ہی اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close