کراچی (پی این آئی) پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین علالت کے باعث انتقال کرگئے۔سابق صدر ممنون حسین کے صاحبزادے ارسلان ممنون نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ ارسلان ممنون کے مطابق سابق صدر علیل تھے اور گزشتہ دو ہفتوں سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہیں کینسر کا عارضہ لاحق تھا جو ان کیلئے جان لیوا ثابت ہوا۔خیال رہے کہ ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ وہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما تھے۔ممنون حسین کو کینسر کا مرض لاحق تھا اور وہ 15 روز سے کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔تقسیم برصغیر سے قبل آگرہ میں پیدا ہونے والے ممنون حسین نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ 1949 میں پاکستان ہجرت کی تھی۔1963 میں کراچی یونیورسٹی سے کامرس میں گریجویشن کرنے والے ممنون حسین نے آئی بی اے کراچی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر کر رکھا تھا۔ابتدا میں اپنے والد کے کاروبار کی دیکھ بھال کرنے والے ممنون حسین نے بعد میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں اپنا کاروبار شروع کیا۔ایوان صدر کی ویب سائٹ کے مطابق 1968 میں میدان سیاست کا رخ کرنے والے ممنون حسین نے مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی تو جلد ہی کراچی کے جوائنٹ سیکرٹری بنا دیے گئے۔ 993 میں مسلم لیگ ن میں شامل ہو کر وہ قومی سیاست کا حصہ بن گئے۔مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت میں سیکرٹری مالیات بنائے گئے، بعد میں ممنون حسین 2001 کے دوران صوبائی سیکرٹری جنرل بنائے گئے۔ اس عہدے پر وہ 2005 تک فائز رہے۔ اسی برس وہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور سینیئر نائب صدر مقرر ہوئے۔پارٹی کے متعدد عہدوں پر خدمات سرانجام دینے والے ممنون حسین کو جون 1999 میں اس وقت کے صدر رفیق تارڑ نے سندھ کا گورنر مقرر کیا تاہم چند ماہ بعد اکتوبر 1999 میں نافذ کی گئی ایمرجنسی کے دوران انہیں اس عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا۔موجودہ صدر عارف علوی کے انتخاب کے بعد عہدے سے سبکدوش ہونے والے ممنون حسین نے ہی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے وزارت عظمیٰ کا حلف بھی لیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں