باغ (پی این آئی ) آزاد کشمیر انتخابات میں بھرے جلسے کے دوران وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو جوتی مار دی گئی۔علی امین گنڈا پور آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں ضلع باغ میں جلسے سے خطاب کرنے کیلئے ڈائس پر آ رہے تھے کہ اسی دوران ایک نوجوان نے انہیں جوتی دے ماری۔موقع پر موجود تحریک انصاف کے کارکنوں نے جوتی مارنے والے نوجوان کو پکڑ لیا اور اس کی خوب درگت بنائی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو دو نوجوانوں نے مل کر جوتا مارا ۔ جب انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا تو علی امین گنڈا پور سٹیج سے انہیں کچھ نہ کہنے کی آوازیں بھی لگاتے رہے تاہم کارکنوں نے ان کی ایک نہ سنی اور دونوں کی خوب درگت بنائی۔خیال رہے کہ پاکستان میں سیاسی رہنماؤں پر اس طرح کے حملےکا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لاہور میں ایک مدرسے میں تقریب کے دوران جوتی ماری گئی تھی۔ اس کے علاوہ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکی گئی تھی جبکہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال پر گولی چلی تھی۔ اس کے علاوہ بھی کئی سیاستدان انڈوں، ٹماٹروں اور جوتوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں