مظفرآباد / دھیرکوٹ (پی این آئی) قائد مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ اانے والا دور مسلم کانفرنس کا ہے‘اللہ تعالیٰ نے لوگوں کے دل مسلم کانفرنس کی طرف موڑ دیئے ہیں۔ حالات بتا رہے ہیں کہ مسلم کانفرنس پر مشکل وقت ختم ہوچکا ہے۔ مسلم کانفرنس کے وہ کارکن جو استقامت کیساتھ جماعت سے کھڑے رہے انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ مسلم کانفرنسی کارکنوں نے پہاڑ جیسی استقامت کا مظاہرہ کیا۔ سیاسی ٹھیکیداروں سیاسی سودا گروں کے حملوں کے باوجود کارکنان استقامت سے کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہل بازار میں الیکشن آفس کے افتتاح اور شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے آزاد کشمیر کو نظریاتی اور معاشی، فکری طور پر بدحال کر دیا ہے۔ ریاست جموں و کشمیر کے عوام ملکر اپنے آباؤ اجداد کی جماعت تحریک آزادی کشمیر کی وارث جماعت کو مضبوط کریں۔ یہ ریاست آپکا گھر ہے مسلم کانفرنس ریاست کی وارث ہے۔آزاد کشمیر کے الیکشن کا بلواسطہ یا بلاواسطہ تحریک آزادی پر اثر پڑتا ہے۔حالات دکھائی دے رہے کہ مسلم کانفرنس پور ے آزادکشمیر سے بہتر نتائج دے گی لوگوں کے اندر غیرمعمولی تبدیلی دیکھ رہا ہوں۔غیر ریاستی سیاسی جماعتوں نے آزاد کشمیر کے اندرسیاسی ماحول گندا کر دیاہے۔گزشتہ دس پندرہ سالوں سے نظریاتی انتشار کو فروغ دیا گیا۔آج لوگوں کے اندر سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے ووٹ اک قومی امانت ہے آپ کا جس کو دل چاہے ووٹ دیں اللہ سے دعا کر کے رہنماء لیں جہاں آپکا ضمیر مطمئن ہو وہاں ووٹ دیں اللہ نے توفیق دی اختیارات ملے تو تعمیر و ترقی کا جال بچھائیں گے۔نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔آپ نے درست فیصلہ کیا ہے آپکو مایوسی نہیں ہو گی۔ آئے روز مسلم کانفرنس میں لوگوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم کانفرنس سواداعظم جماعت ہے جو تحریک آزادی سمیت مقبوضہ کشمیر میں لازوال قربانیاں پیش کرنے والوں کے دکھوں کا مداوا کرسکتی ہے۔ مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والوں کی عزت و تکریم کا خیال رکھا جائے گا۔ سب کو مل کر آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں کامیابی کیلئے کوشش کریں گے۔ ہماری جماعت کا بنیادی منشور تحریک آزادی و کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لانا ہے۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اولین فرصت میں ترجمانی کی اور مجاہد اول کا نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان کا سفر جاری رکھا۔ قائد مسلم کانفرنس جب ہل پہنچے تو جگہ جگہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں