چین نے افغانستان سے اپنے شہریوں کو نکال لیا

بیجنگ(پی این آئی)افغانستان سے امریکی فوجی دستوں کے انخلا کے موقع پر چین نے اپنے شہریوں کو ایک ہنگامی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے واپس اپنے وطن پہنچا دیا ہے۔چین کی حکومت کے اس اقدام کو چینی سوشل میڈیا پر قومی فتح قرار دیا جارہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغان دارالحکومت کابل سے چینی شہر ووہان کے لیے روانہ ہونے والی خصوصی پرواز کے ذریعے 210 چینی شہریوں کو وطن واپس پہنچادیا گیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان وانگ وین بین نے امریکا کو افغانستان کی صورتحال کا ذمہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ امریکا اپنی ذمہ داری اور فرائض کو نظرانداز کر رہا ہے اور عجلت میں اپنے فوجیوں کو واپس لے کر جارہا ہے، امریکا افغان عوام اور خطے میں جنگ چھوڑ کر جا رہا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق بیجنگ حکومت نے اپنے شہریوں کو بحفاظت وطن واپس پہنچانے کے لیے اس خصوصی پرواز کا انتظام کیا تھا۔ اس کے بعد چین میں سوشل میڈیا پر افغانستان سے چینی باشندوں کی واپسی کو قومی فتح تصور کیا جارہا ہے۔ اس خصوصی پرواز کی ویڈیو کو تین سو ملین افراد نے دیکھا ہے اور چینی شہریوں کی وطن سے واپسی سے متعلق متعدد ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ شیامین ایئرلائن کے پائلٹ کے بقول،اس راستے پر پرواز کرنا آسان نہیں، ہم ایک بھی ہم وطن کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں