سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذی الحج اتوار کو ہو گی، عید الاضحی 20جولائی کو منائی جائیگی

ریاض (پی این آئی) لبیک اللھم لبیک! سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے 2 علاقوں تمیر اور سدیر میں ماہرین فلکیات کا اجلاس ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ چاند تلاش کرنے کا عمل روک دیا گیا، سعودی عرب کے کسی علاقے میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔سعودی عرب ماہرین فلکیات تمیر اور سدیر دونوں علاقوں میں ذی الحج کا چاند دیکھنے میں ناکام رہے۔ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں آج چاند نظر آںے کے امکانات نہ ہونے کے برابر تھے۔ یوں سعودی عرب میں یوم عرفہ 19 جولائی بروز پیر، عید الاضحٰی 20 جولائی بروز منگل کو ہوگی، جبکہ یکم ذی الحق 11 جولائی بروز اتوار کو ہوگی۔واضح رہے کہ سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے 2 روز قبل اہم اعلان کیا گیا تھا۔ سعودی سپریم کورٹ نے مملکت میں مقیم تمام شہریوں سے جمعہ 9 جولائی کو ذی الحج کا چاند دیکھنے کی درخواست کی تھی۔شہریوں سے اپیل کی گئی کہ چاند نظر آنے کی صورت میں اپنی شہادت متعلقہ حکام کے پاس ریکارڈ کروائیں۔ جبکہ عرب ماہر فلکیات پہلے ہی پیشن گوئی کر چکے تھے کہ عید الاضحیٰ 20 جولائی بروز منگل کو ہوگی۔ ماہر فلکیات کے مطابق رواں سال ذیقعدہ کا مہینہ 30 ایام کا ہوگا، یوں یکم ذی الحج اتوار 11 جولائی، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات پیر 19 جولائی اور عید الاضحیٰ 20 جولائی بروز منگل کو ہوگی، یوں عید الاضحیٰ کی آمد میں اب چند ہی دن باقی بچے ہیں۔یاد رہے عید الاضحی مسلمانوں کا بڑا اور خوشیوں سے بھرپور تہوار ہے۔ یہ تہوار حضرت ابراہیم کی قربانی کی یاد میں رب کی خوشنودی کے حصول کی خاطر منایا جاتا ہے۔ بڑی عید کے موقع پرقربانی کے گوشت سے پرلطف پکوان تیار کیے جاتے ہیں، دوست احباب اور رشتہ دار لوگ اس موقع پر دعوتوں میں خوب مزے مزے لے کر کھاتے ہیں۔ اور اس خوشی کے موقع پر یادگار بناتے ہیں۔ سعودی عرب سمیت دنیا کے تمام اسلامی ممالک میں یہ تہوار بہت مذہبی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close