سالوں بعد پاکستان کے زرِ مبادلہ ذخائر 24 ارب ڈالرز کی سطح عبور کر گئے

کراچی (پی این آئی) برسوں بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 24 ارب ڈالرز کی سطح عبور کر گئے، ملک کے مجموعی ذخائر 24 ارب 41 کروڑ ڈالرز ہو گئے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 17 ارب ڈالرز کی سطح عبور کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے قومی خزانے میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک کے مجموعی ذخائر 1 عشاریہ 11 ارب ڈالرز کے اضافے کے بعد 24 ارب ڈالرز کی سطح کو عبور کر گئے۔اس وقت ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 24 ارب 41 کروڑ ڈالرز ہیں، جن میں سرکاری ذخائر 17 ارب 23 کروڑ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 7 ارب 18 کروڑ ڈالرز ہیں۔ تاہم دوسری جانب زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کے باوجود کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک مرتبہ پھر بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔جمعرات کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالرمہنگا ہوکر 160روپے کی حد عبور کرگیا ہے،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 160روپے 20 پیسے ہوگئی ہے۔اس سے قبل رواں سال فروری میں آخری بار ڈالر 160.33 کی سطح پر دیکھا گیا تھا، ڈالر کی قیمت اگست 2020ء میں 168.87 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی۔ اسی طرح انٹربینک میں بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اُڑان کا رجحان جاری ہے، امریکی ڈالر 159 روپے کی حد سے تجاوز کرگیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج چوتھے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر41 پیسے مہنگا ہوگیا ہے، ڈالر کی قیمت 158 روپے 92 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 33 پیسے ہو ئی ہے۔کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے برعکس پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کے روز زبردست تیزی کا رجحان رہا، جس کے تحت 100 انڈیکس 805.25 پوائنٹس بڑھنے سے 48 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے، انڈیکس کا اختتام 48053.17 پوائنٹس کی سطح پر ہوا۔ اسی طرح کاروبار میں1.7 فیصد بہتری سے سرمایہ کاروں کو70 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں