حکومت کا کامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل جاب پورٹل شروع کرنے کا اعلان

خانیوال (آ ن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تعلیم اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت نیشنل جاب پورٹل شروع کرنے جارہی ہے اور اس کے تحت 100سے زائد کیرئیر کاونسلنگ اور جاب پلیسمنٹ سینٹر ہوں گے۔خانیوال میں ہائی اسپیڈ موبائل بینڈ 4 جی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم حال ہی میں انسانی تاریخ کے ایک بڑے چیلنج سے گزرے ہیں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بڑے سماجی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے کورونا سے مکمل نجات کیلئے ہماری حکومت نے تین نکات پر مشتمل پالیسی بنائی ہے جس میں زندگیوں کا تحفظ، ضروریات زندگی کا تحفظ اور معاشی تحفظ شامل ہے۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کرنا ہے، ہم آئی سی ٹی کے ذریعے موبائل نیٹ ورک کے حوالے سے عوام کو آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی کی مدد سے تعلیم ہر ایک تک پہنچانے میں مدد ملی ہے، خاص طور پر جو افراد دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں، تعلیم کے شعبے میں آئی سی ٹی کی اہمیت بڑھ چکی ہے، ایک ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاون کردیا گیا، جس کی وجہ سے تعلیم کا راستہ رک گیا تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے آن لائن پورٹل ای تعلیم بنایا گیا، اسے قبل 2019 میں ای لرننگ فاونڈیشن بنائی گئی، جس کا فائدہ کورونا کے دوران ہوا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی سی ٹی نئے معاشی پہلووں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اسے سرمایہ کاری میں 10فیصد اضافہ ہوا ہے جو جی ڈی پی کا ایک فیصد ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے لیے ڈیجیٹل اسکیل خاصی اہمیت کی حامل ہے، نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، وزارت ٹیکنالوجی و اطلاعات نے پاکستان کے پہلے آن لائن پروگرام ڈی جی اسکیل کا انعقاد کیا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح کامیاب جوان پروگرام کے تحت حکومت پاکستان نیشنل جاب پورٹل شروع کرنے جارہی ہے اور اس کے تحت 100 سے زائد کیرئیر کاونسلنگ اور جاب پلیسمنٹ سینٹر ہوں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پاکستان شہریوں کو ایک بہترین زندگی کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے، جس میں اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل سروسز ہوں، ہماری حکومت کا یقین ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہر شہری کے لیے ہونی چاہیے۔ #/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close