پاکستان میں ذی الحج کا چاند کب نظر آنے کا امکان ہے؟ رویت ہلال کمیٹی نے بھی اہم اعلان کر دیا

کراچی (پی این آئی) ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب، چئیرمین ابولخبیر آزاد کی سربراہی میں مرکزی کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتے کو کراچی میں ہو گا۔ محکمہ موسمیات کمپلیکس میں بعد نماز عصر رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چئیرمین ابولخبیر آزاد کی سربراہی میں منعقد ہو گا۔اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو، نیوی اور وزارت مذہبی امور کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے اور نمائندے چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجیں گے جس کے بعد چاند کی شرعی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔دوسری جانب ماہرین فلکیات کے مطابق قوی امکان ہے کہ عید الفطر کی طرح پاکستان میں عید الاضحیٰ بھی خلیجی ممالک کے ساتھ ہی منائی جائے گی۔پاکستان میں یکم ذی الحج 11 جولائی جبکہ عید الاضحیٰ 20 جولائی کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ خلیجی ممالک میں بھی اسی تاریخ کو عید قربان کی آمد کی پیشن گوئی کی جا چکی۔ ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں یوم عرفہ 19 جولائی بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کے 30 ایام کے بعد ذی قعدہ کے مہینے کا آغاز ہوا، عمومی طور پر یکے بعد دیگرے 2 اسلامی ماہ 30 ایام کے نہیں ہوتے، اس لیے قوی امکان ہے کہ ذی قعدہ کا مہینہ 29 ایام پر مشتمل ہو گا، اور یوں ذی الحج کے مبارک ماہ کا آغاز 11 جولائی سے ہوگا۔جبکہ عید کی آمد سے قبل پاکستانیوں کو لمبی تعطیلات کی خوشخبری بھی سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملازمت پیشہ افراد خاص کر سرکاری ملازمین 17 جولائی بروز ہفتہ کو اپنے آبائی علاقوں میں جانب روانہ ہو جائیں گے۔ یوں 17 جولائی بروز ہفتہ کو ہفتہ وار تعطیل سے تعطیلات کا آغاز ہو جائے گا، 18 جولائی کو اتوار کی چھٹی جبکہ 20 جولائی کو حج کی چھٹی ہونے کا امکان ہے۔ اس کے بعد 21، 22 اور 23 جولائی کو عید کی چھٹیاں جبکہ 24 اور 25 جولائی کو ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں ہونگی اس طرح شہریوں کو 17 جولائی سے 25 جولائی تک عید کی 9 تعطیلات مل جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close