افغانستان سے امریکی فوج کا مکمل انخلا نہیں ہو گا؟پینٹا گون نے یوٹرن لے لیا، نیا بیان جاری

واشنگٹن (آئی این پی )ترجمان پینٹاگون جان کربی نے کہاہے کہ افغانستان سے انخلا کے بعد امریکی فوج کی مختصر تعداد وہاں رہے گی۔ہفتہ کو واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران جان کربی نے کہا کہ صدربائیڈن کی ہدایات کے مطابق افغانستان سے محفوظ انخلاجاری ہے اور وہاں سے امریکی افواج کا انخلا اگست کے آخر تک مکمل ہوجائیگا جب کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد امریکی فوج کی مختصر تعداد وہاں موجود ہوگی۔ترجمان پینٹاگون نے بتایا کہ افغانستان میں امریکی مشن کی کمانڈ جنرل فرینک میکنزی کو منتقل کرنیکی منظوری دے دی گئی ہے اور وہاں امریکی مشن کی کمانڈکی منتقلی رواں ماہ کے آخر تک نافذ ہونے کی توقع ہے، جنرل میکنزی افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈرکی تمام ذمہ داریاں نبھائیں گے جب کہ جنرل ملر ذمہ داریاں جنرل میکنزی کو منتقل کرنے کیلئے کچھ ہفتے افغانستان میں رہیں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکی قیادت میں تبدیلی، بگرام ائیربیس کا کنٹرول واپس دینا انخلا میں اہم سنگ میل ہے، افغانستان میں امریکی فوج سفارتی عملے کے تحفظ اور کابل ائیرپورٹ کی سکیورٹی پرتوجہ رکھے گی،اس کے علاوہ امریکی فوج افغان فورسزکی معاونت و مشاورت، انسداددہشتگردی کی امریکی کوششوں میں سپورٹ کریگی۔جان کربی نے مزید کہا کہ افغان حکومت اور عوام کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں