اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کیلئے حکومت کا اہم ترین اقدام، پاکستان نے یورپی ممالک کےساتھ مجرموں کی حوالگی کےمعاہدے پر دستخط کر دیے- تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو ملک واپس لانے کیلئے حکومت کی جانب سے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے- وزیر داخلہ سے برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا کی ملاقات ہوئی- وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے یورپی ممالک کےساتھ مجرموں کی حوالگی کےمعاہدے پر دستخط کر دیے ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ بھی مجرموں کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ کرنا چاہتا ہے- انہوں نے کہا کہ ہائی پروفائل مجرم یورپی ممالک میں پناہ لے چکے ہیں، انہیں ملک واپس لا کر قانون کے کٹہرے میں کھڑاکرنا ضروری ہے- بتایا گیا ہے کہ رطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیاء لارڈ طارق احمد نے وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات ، افغان امن عمل ، دہشت گردی کے خلاف جنگ ، کوویڈ 19 کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ کشمیر اور فلسطین کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لارڈ طارق اور کرسچن ٹرنر نے کورونا وائرس وبائی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاک فوج اور لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران 70،000 سے زیادہ جانوں کی قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان علاقائی امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ تنازعہ کے آغاز سے ہی پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں برطانوی حکومت کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ، لارڈ طارق احمد کے دورہ پاکستان سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا اور عالمی چیلنجوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے کورونا وائرس وبائی امراض کے خلاف پاکستان حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں