امتحانات ہر صورت ہوں گے، وفاقی وزیر تعلیم نے تاریخ بھی بتا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ دو ٹوک اعلان کرتا ہوں 10 جولائی کے بعد ہرصورت امتحانات ہوں گے، امتحانات کے بغیر کوئی گریڈ نہیں دیا جائے گا، بچے امتحانات کیلئے اپنی تیاری جاری رکھیں۔ انہوں نے آج یہاں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ میں 124 ارب روپے ہائر ایجوکیشن کیلئے رکھے گئے، اس سال 42.5 ارب روپے یونیورسٹیز کی ڈویلپمنٹ پر خرچ کریں گے۔جب ہماری حکومت آئی تو کل 177 یونیورسٹیاں تھیں۔ آج پاکستان میں 230 جامعات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء نے دوسری چیزوں کے ساتھ تعلیم کو بھی بہت متاثر کیا، کورونا وباء کی وجہ سے تعلیمی اداروں اور سکولوں کو باربار بند کرنا پڑا، اسکول کھولنے اور امتحانات سے متعلق چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان نے ملکر فیصلے کیے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران امتحانات نہ لینے کا فیصلہ کیا جو انتہائی خوشگوار رہا، صوبوں نے مشاورت کی کہ امتحانات نہ لینے سے طلباء کا بہت نقصان ہوا ہے۔سب نے مل کر اصولی فیصلہ کیا ہے کہ امتحانات کے بغیر کوئی گریڈ نہیں دیا جائے گا۔ نویں دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات آرہے ہیں۔پڑھائی کا موقع نہ ملنے کی وجہ سے کورس کو کم کردیا گیا، لازمی مضامین کی بجائے اختیاری مضامین کے امتحان لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایوان میں بات ہوئی کہ بچوں کو امتحانات لیے بغیر ہی پاس کردیا جائے۔ دو ٹوک اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ 10 جولائی کے بعد ہرصورت امتحانات ہوں گے۔ جو پڑھ رہے ہیں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنی تیاری جاری رکھیں۔امتحانات لینے کیلئے وقت بڑھا دیا ہے،امتحانات ضرور لیے جائیں گے۔ ہم نے حتی الامکان کوشش کی ہے کہ طلباء کا سال ضائع نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close