اسلام آباد (پی این آئی)متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمند محنت کش پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، حکومت نے اماراتی حکام کو پاکستان میں کورونا اعدادوشمار بھجوا کر ویزا پر نظر ثانی کی درخواست کر دی،پاکستان سے مسافر پروازوں کو جلد متحدہ عرب امارات آمد کی اجازت ملنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کوویڈ کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں ہم نے اماراتی حکام کو پاکستان میں کورونا اعدادوشمار بھجوا کر ویزا پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔زاہد حفیظ نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر پاکستان نے کامیابی سے عمل کیا ہے اور ان اقدامات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی سطح پر رابطے موجود ہیں ،فی الحال سعودی عرب کی طرف سے کوئی چینی ویکسین فہرست میں شامل نہیں کی گئی۔زاہد حفیظ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے ،افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ترجمان نے کہاکہ 5 جون کو عالمی برادی کے ہمراہ پاکستان میں بھی عالمی یوم ماحولیات منایا گیا،پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے کہ جو اپنے جنگلات کی بحالی کے لئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں،پاکستان کو انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب کر لیا گیا،پاکستان نے جمہوریہ کریبادی سے سفارتی تعلقات قائم کر لئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم جمہوریہ کریبادی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلامو فوبیا میں اضافے کے نتیجے میں کینیڈا میں چار پاکستانیوں کی جانیں گئیں،کینیڈین وزیراعظم سے ٹیلیفون رابطہ میں وزیر خارجہ نے اسلامو فوبیا کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود کی جانب سے دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کروانے کیلئے اماراتی حکام سے بات چیت جاری ہے، جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔امید ہے کہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات کی ریاستوں کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ دوبارہ جلد شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ اماراتی سول ایوی ایشن نے منگل کے روز پاکستان سمیت دیگر ممالک سے چارٹرڈ فلائٹس سے آنے والے مسافروں پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں