یہ ہے عمران خان کا نیا پاکستان، سفارتی میدان میں پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان چار برس کے لیے انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب ہوگیا۔ اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ پاکستان کو انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔جینوا میں آئی ایل او کے 109ویں اجلاس میں مجازی طور پر انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان سمیت چار نئے باقاعدہ ممالک کو چار سال (2021ء تا 2024ء )کے لیے آئی ایل او کے ایشیاء پیسفک گروپ میں شامل کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن میں گورننگ باڈی پالیسی و فیصلہ سازی کی حیثیت رکھتی ہے اس کے 56 رکن ممالک 28 حکومتوں، 14 ایمپلائرز اور 14 کارکنان پر مشتمل ہیں، پاکستان ماضی میں بھی آئی ایل او کے ایگزیکٹو آرم کا باقائدہ رکن رہ چکا ہے اور 1947 میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا رکن بنا تھا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ آئی ایل اوانتخابات کے نتائج عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے قائدانہ کردار پر اعتماد کا مظہر ہیں، پاکستان نے بحران کے دور میں آئی ایل او کی گورننگ باڈی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کورونا کے معاشرتی و اقتصادی اثرات میں کمی اور اقتصادی بڑھوتری کے لیے عالمی تعاون پرمباحثے اور بات چیت کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ پاکستان خطے میں ورک فورس ایکسپورٹ کرنے والے ممالک میں سب پر سبقت لے چکا ہے ۔ وزارت اوورسیز نے دو لاکھ 24 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار دلوایا۔ تربیت یافتہ افراد کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی میں بھارت اور بنگلہ دیش بھی پاکستان سے پیچھے ہیں۔ بنگلہ دیش دو لاکھ 17 ہزار جبکہ بھارت 94 ہزار محنت کشوں کو ملک سے باہر بھیج سکا۔ورک فورس کی بیرون ملک روانگی میں زلفی بخاری نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ خلیجی ممالک کے سفیروں سے مسلسل رابطوں کے نتیجے میں یہ اہم کامیابی ملی۔ زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی وزیراعظم عمران خان کے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگارفراہم کرنے کے وعدے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اب تک 12 لاکھ سے زائد ورک فورس بیرون ملک بھیج چکی ہے۔ ایک کروڑ ملازمتوں میں قریباً 13 فیصد وزارت اوورسیز پورا کر چکی ہے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ ترسیلات زر نے بھی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے اُمید دلاتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں حالات مزید سازگار کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کے لیے بھی قانون سازی کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں