ویکسی نیشن نہ کرانیوالے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کا سگنل دے دیا

ملتان(آن لائن)ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کی طرف سے کورونا ویکسی نیشن کے لئے دیئے گئے ہدف کے حصول کے لئے کوششیں تیزکر دی ہیں۔ دوسری جانب کورونا ویکسی نیشن نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ویکسی نیشن نہ کرانیوالے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کا سگنل دے دیا ہے۔ویکسی نیشن مہم کے فوکل پرسن و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر رانااخلاق احمد خان نے تمام سرکاری ملازمین کو جمعرات تک ویکسی نیشن کرانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات تک کورونا ویکسی نیشن نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام افسران اپنے محکموں کے ملازمین کی ویکسی نیشن بارے سرٹیفکیٹ ڈی سی آفس جمع کرائیں گے۔اس کے علاوہ اس حوالے سے نادرا سے بھی ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں روک لی جائیں گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن نہ کرانے والے عام شہریوں کو بھی سماجی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،حکومت ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کے شناختی کارڈ اور موبائل سمز بلاک کردینے بارے غور کررہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وباء سے معمولات زندگی، کاروبار اور معیشت بری طرح متاثر ہوجاتی ہے، کورونا ویکسی نیشن سے عالمی وباء سے چھٹکارا حاصل ہوگا،اس لئے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایک باشعور پاکستانی ہونے کے ناطے وباء سے بچنے کے لئے کورنا ویکسی نیشن کرائیں۔رانا اخلاق احمد خان نے کہا کہ اتوار کی چھٹی کے باوجود کمشنر و ڈی سی آفس،واسا،پی ایچ اے کے ملازمین کی رضا ہال اور محکمہ ایکسائز اور کڈنی سنٹر کے ملازمین کی ویکسی نیشن ان کے دفاتر میں کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع میں 11936 افراد کی کورونا ویکسی نیشن کی گئی جبکہ ضلع ملتان میں ابتک2 لاکھ62 ہزار680 افراد کی کورونا ویکسی نیشن کی جا چکی ہے، اے ڈی سی نے بتایا کہ آئندہ ہفتے مہم میں مزید تیزی لائے جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں