موٹروے پولیس نے کروڑوں مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزم گرفتار

اسلام آباد(آن لائن )موٹروے پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ،گاڑی نمبر V-5714 جو کہ بذریعہ موٹروے پشاور سے لاہور کی جانب جا رہی تھی بلکسر کے قریب موٹر وے پولیس نے اسے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے بجائے گاڑی روکنے کے بھگا دی۔اس مشکوک حرکت کو بھانپتے ہوئے موٹروے پولیس کی جانب سے اس کا تعاقب کیا گیا لیکن مسلسل کاوشوں کے باوجود ڈرایور مشکوک اور انتہائی خطرناک انداز سے گاڑی بھگاتا رہا جو کہ سڑک پر موجود دیگر ٹریفک کے لئے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔ اس سنگین معاملے کی اطلاع سیکٹر کمانڈر کو بھی دی گئی جنہوں نے مربوط حکمت عملی تیار کی اور سڑک پر موجود دیگر ٹریفک کا خیال رکھتے ہوئے تیار کردہ منصوبے کے مطابق مذکورہ گاڑی کو کلر کہار کے قریب روک لیا گیا۔گاڑی رکھتے ہی ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔بعد ازاں گاڑی کی تلاشی لینے پر گاڑی سے 8 کلو گرام اعلی کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی جس کی قیمت عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ملزم ظہور احمد ظفر سکنا مردان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس تمام کارروائی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی موٹروے اشفاق احمد نے ساری ٹیم کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کے موٹروے پولیس اسی طرح عوام کی خدمت اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں