موبائل کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس پر ٹیکس عائد نہیں ہو گا، وزیر خزانہ کا اہم اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) موبائل کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس پر ٹیکس عائد نہیں ہو گا۔ وفاقی وزیرِخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ موبائل کالز، انٹرنیٹ ڈیٹا اور ایس ایم ایس پر ٹیکس لگانے کی وزیرِ اعظم عمران خان اور کابینہ نے مخالفت کی۔وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نےبجٹ 22-2021ء کے حوالے سے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں غریبوں کے ساتھ کوئی سیاست نہیں کرنی، اخوت اور احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کو 3 لاکھ روپے تک کےقرضے دیں گے، 5 لاکھ روپے کا بغیر سود قرض 3 سال کے لیے دیا جائے گا، ملک کے ذرائع اور وسائل بینکوں کے پاس ہوتے ہیں حکومت کے پاس نہیں، کمرشل بینک کبھی عام آدمی اور کاشتکار کے قریب نہیں ہوتے۔شوکت ترین نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ اس نے ہمیں کچھ سوجھ بوجھ دی ہے، اخوت نے ڈیڑھ سو ارب کے چھوٹے قرض دیئے جن کی ریکوری 99 فیصد ہے، ہم نے سوچا کہ ان کے ذریعے قرضے دیں، آر ایس پی اور اخوت کو گارنٹی دی ہے، 4 ملین نچلے طبقے سے پہلے رابطہ کریں گے۔شوکت ترین نے کہا کہ کاشت کار کو ہر فصل کا ڈیڑھ لاکھ روپیہ دیں گے، شہری علاقوں میں خاندان کے ایک شخص کو 5 لاکھ کا قرض دیں گے تاکہ وہ کاروبار کر لے، اس بجٹ میں اللّٰہ تعالیٰ نے توفیق دی کہ ہم غریبوں کے لیے وسیلہ بنیں، اب معاشی بہتری کے اثرات غریب تک پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ غریب کسان کو 5 لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ دیں گے، ہر غریب گھرانے کو چھت فراہم کی جائے گی، صحت کارڈ ہیلتھ انشورنس ہے، ہر جگہ جو ہنر درکار ہے وہاں وہ ہنر سکھائیں گے، ہمارا چیلنج ہے کہ گروتھ کو مستحکم کرنا ہے، ہم نے کل گروتھ بجٹ پیش کیا ہے۔وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ غریب کسان کو 5 لاکھ روپے تک قرضہ دیں گے، اپنی چھت کے لیے 20 لاکھ روپے تک قرضہ دیں گے، برآمدات بڑھا کر ہمیں ڈالر کمانے ہیں، ہم نے معاشی ترقی والا بجٹ پیش کیا، ملک میں 70 سال سے غریب کو قرضہ نہیں ملا، تربیت نہیں ملی، ملک میں 70 سال سے چھوٹے کاشت کار کو کچھ نہیں ملا۔ان کا کہنا ہے کہ کمرشل بینکوں سے چھوٹے فلاحی بینکوں کو قرضے دیں گے، پہلے مرحلے میں 40 لاکھ لوگوں کو روزگار دیں گے، بینکوں کو چھوٹے کاشت کار اور غریبوں کی لسٹیں بھی دیں گے، غریب گھرانوں میں ایک شخص کو تربیت دیں گے۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال 500 ارب روپے اضافی ٹیکس جمع کریں گے، بجلی اور گیس کے بلوں کے ذریعے نان فائلر تک پہنچ جائیں گے، بڑے ریٹیلرز کی 1500 ارب کی سیل ہے، تمام بڑے اسٹورز پر سیلز ٹیکس لگا دینا ہے۔شوکت ترین نے کہا کہ ملک میں لاکھوں ریٹیلرز کچی رسیدوں پر کام کر رہے ہیں، گاہک دکاندار سے پکی رسید وصول کرے، پکی رسید پر ایک لاکھ روپے تک کے انعامات دیئے جائیں گے، ترکی اور باقی ملکوں میں ایسی کامیاب اسکیمیں آئیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مختلف شعبوں کو ٹیکس میں رعایت فراہم کی، ملک بھر میں صحت کارڈ فراہم کریں گے، 8 سے 10 سال میں ترقی کی شرح 20 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے، درآمدات اور برآمدات کے تناسب کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں