مظفر آباد (پی این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے آج یہاں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کی باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ آج یہاں لوگوں کا جوش و خروش اس بات کی غمازی کر رہا ہے کہ اب آزاد کشمیر میں عمران خان کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ فاروق حیدر اب دوسرے حلقے سے بھی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں فاروق حیدر کا یہ عمل ً جب گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے ً کے مصداق ہے۔کیونکہ جب انھوں نے جب اپنی شکست نوشتہء دیوار دیکھی تو انھوں نے دوسرے حلقے سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن انشاء اللہ یہاں سے دیوان علی چغتائی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔اگرچہ میری پارٹی نے مجھے بھی ایک سے زیادہ حلقوں سے لڑنے کا کہا لیکن میں نے صرف ایک حلقے سے ہی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا۔مظفر آباد کے حلقہ 4 اور حلقہ7 سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کا آغاز یہاں سے ہو گیا ہے اور انشا ء اللہ دیوان علی چغتائی اور چوہدری رشید بھاری اکثریت سے یہاں سے کامیابی حاصل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں مظفر آباد میں پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام مظفر آباد حلقہ 4 اور حلقہ 7 سے بڑی تعداد میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شمولیتی جلسہ کی صدارت دیوان علی خان چغتائی نے کی جبکہ اس موقع پر جلسہ عام سے سابق وزراء مظفر آباد سے پی ٹی آئی آزاد جمو ں و کشمیر کے ٹکٹ ہولڈر خواجہ فاروق احمد،وادیء نیلم سے پی ٹی آئی آزاد جمو ں و کشمیر کے ٹکٹ ہولڈر سردار حاجی گل خنداں، لیپہ سے پی ٹی آئی آزاد جمو ں و کشمیر کے ٹکٹ ہولڈر دیوان علی خان چغتائی،گڑھی دوپٹہ سے پی ٹی آئی آزاد جمو ں و کشمیر کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری رشید، خواجہ شفیق، طیب منظور کیانی، عنصر پیرزادہ، سید امتیاز علی کاظمی، راجہ شیراز،صاحبزادہ ابرار جہانگیر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں چوہدری عبد الجبار ایڈوکیٹ، ظہیر فاروقی، کیپٹن اشفاق، چوہدری نزاکت حسین، ریٹائیرڈ پرنسپل عبد الرحمن، اشفاق مغل، سردار شیر زمان، ٹھیکیدار نذیر قریشی، قاری محمد اشفاق، چوہدری الطاف سمیت سینکڑوں کارکنان شامل تھے۔ اس موقع پر سے اپنے خطاب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آج یہاں پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے چارحلقوں کے ٹکٹ ہوڈرز موجود ہیں۔ آج یہاں عوام کا جم غفیر بتا رہا ہے کہ یہاں سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لئے پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے جمع ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی اس وقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی عوامی سیاسی قوت بن چکی ہے۔ مخالفین پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کی مقبولیت سے خائف ہو کر جھوٹے پراپیگنڈے پر اتر آئے ہیں۔انشا ء اللہ مخالفین کو شکست فاش ہو گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں