آرمی چیف کی آذربائیجان کو ترقی اور دفاع سے متعلقہ شعبوں میں ہرممکن تعاون کی پیش کش

راولپنڈی (آئی این پی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کو ترقی اور دفاع سے متعلقہ شعبوں میں تمام تعاون اور ہر ممکن معاونت کی پیش کش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ا س کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آذربائیجان کی بحری افواج کے کمانڈر ریئرر ایڈمرل سبحان با قیروف نے منگل کو یہاں جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔ جس دوران دفاع ، تربیت دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس دوران چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ترقی اور دفاع سے متعلقہ شعبوں میں تمام تعاون اور ہر ممکن معاونت کی پیش کش کرتا ہے ۔ اس دوران آرمی چیف نے آذربائیجان کی فورسز کی بہادری اور مجموعی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ مختلف شعبوں میں سفارتی اور سلامتی تعاون کو وسعت دینے کے لئے مل کر کام کرینگے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو کا دورہ کرنے والے معززشخصیت نے پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کی حمایت اور خطے میں امن و استحکام لانے اور بالخصوص افغان امن عمل کے حوالے سے کوششوں کو سراہا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close