مائرہ کیس، مقتولہ کس سے شادی کرنا چاہتی تھی؟ افسوسناک انکشاف کر دیا گیا

لاہور(آئی این پی) پنجاب انویسٹی گیشن پولیس نے قتل، اندھے قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار کر لیے۔سی آئی اے کینٹ پولیس نے مائرہ قتل کیس میں ملوث 2ملزمان طاہر جدون اور وسیم عباس کوگرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان نے بتایا کہ ملزم ظاہر جدون اور مائرہ کی آپس میں 2016 سے دوستی تھی اور مقتولہ ملزم سے شادی کرنا چاہتی تھی، وقوعہ سے دوروز قبل ملزم ظاہر جدون مقتولہ مائرہ کے ساتھ اسلام آباد بھی گیا تھا۔علاوہ ازیں سی آئی اے ماڈل ٹائون پولیس نے شہری الطاف حسین کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث اس کی بیوی اور بھتیجے کوساتھی سمیت گرفتار کیا۔ ملزم مزمل حسین کے اپنی چچی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے جو قتل کی وجہ بنے، ملزمان نے منصوبہ بندی سے چچا الطاف حسین کو راستے سے ہٹانے کے لیے دوست شعیب کی مدد سے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا تھا۔تیسرے کیس میں انویسٹی گیشن پولیس گرین ٹائون نے بے وفائی پر خاتون کو قتل کرنے والے ملزم ارسلان کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔ 35سالہ عالیہ اور ملزم ارسلان ایک ساتھ نجی فیکٹری میں کام کرتے تھے، دونوں کے آپس میں تعلقات استوار ہو گئے۔ ارسلان نے بے وفائی پر کزن توصیف کے ساتھ مل کر گلا دبا کر قتل کر دیا۔ ملزمان نے مقتولہ عالیہ کی لاش بوری میں بند کر کے حسن پارک میں پھینک دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close