پرویز رشید اپنی ہی جماعت کے سینئر رہنما پر پھٹ پڑے، سنگین الزام عائد کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) مشاہد حسین نے سینٹ میں دفاع کی کمیٹی کی سربراہی حاصل کرنے کیلئے انسانی حقوق کی کمیٹی حکومت کے حوالے کی، اب متاثرین کی آہوں کے مجرم ہم بھی ہوں گے، لیگی رہنما پرویز رشید نے اپنی ہی جماعت کے رہنما پر سنگین الزام لگا دیا- تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں ن لیگ کے سینئر رہنما اور رکن سینٹ پرویز رشید نے اپنی ہی جماعت کے رہنما پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورذیاں ہمارے ہاں روز کا معمول ہیں، اسکی سینٹ کمیٹی نشانہ بننے والوں کو تحفظ اور انصاف مہیا کرانے کا ایک ذریعہ ہے، افسوس ہے کہ مشاہد حسین سید نے اسکی سربراہی حکومت کو دے کر دفاع کی کمیٹی حاصل کر لی، اب متاثرین کی آہوں کے مجرم ہم بھی ہوں گے-واضح رہے کہ آج سے دو روز قبل دوسرے مرحلے میں سینٹ کی مزید 14 کمیٹیوں کے سربراہوں کا انتخاب مکمل کر لیا گیا تھا، علی ظفر قانون و انصاف اور مشاہد حسین کو دفاع کی کمیٹی کی سربراہی دی گئی تھی جبکہ شیری رحمٰن خارجہ تعلقات اور فیصل جاوید اطلاعات و نشریات کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب ہو گئے ۔سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاع کے ممبران ہدایت اللہ اور مشتاق احمد نے کمیٹی کی چیئرمین شپ کیلئے مشاہد حسین سید کا نام تجویز کیا،سعدیہ عباسی اور پلوشہ نے شیری رحمٰن کا نام تجویز کیا، فیصل سبزواری قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کے چئیرمین منتخب ہوئے، سینیٹر انعام الدین شوقین اور شمیم آفریدی نے انکا نام تجویز کیا ، منظور احمد کاکڑ قائمہ کمیٹی برائے بیرون ملک پاکستانی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ،رانا مقبول قائمہ کمیٹی کیبینیٹ سیکرٹریٹ، محمد عبدالقادر قائمہ کمیٹی پیٹرولیم،سیف اللہ ابڑو قائمہ کمیٹی توانائی ،تاج حیدر قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور ،فاروق ایچ نائیک کمیٹی برائے مجوزہ قانون سازی ،مشتاق احمد فنکشنل کمیٹی برائے ڈیوولوشن اورسینیٹرکامل علی آغا سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے گورنمنٹ اشورنسز کے متفقہ طور پر چئیرمین منتخب ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close