پیپلزپارٹی نے ابھی احتساب دیکھا نہیں، حتساب ہوا تو ان کا کوئی لیڈر باہر نہیں رہے گا، بلاول بھٹوکے بیانات کے پیچھے کوئی سکیم ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی جاری

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد پیپلزپارٹی سے جنگ لڑنا نہیں، ہمارا ہدف عمران خان ہے، سات ماہ کی جدوجہد کے بعد جب حکومت کے خلاف گول کرنے پہنچے تو پیپلزپارٹی نے ٹائم آؤٹ کر کے پی ڈی ایم کی ساری کوششوں پر پانی پھیر دیا،پیپلزپارٹی نے ابھی احتساب دیکھا نہیں اگراحتساب ہوا تو ان کا کوئی لیڈر باہر نہیں رہے گا، بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کے پیچھے کوئی سکیم ہے،یہ اپوزیشن کو لڑا کر حکومت کو فری ہینڈ دینا چاہتے ہیں،ہم حکومت کو گھر بھیج کر رہیں گے، معیشت صرف سوشل میڈیا پر مضبوط ہوئی ہے، غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئی ہے، اس نالائق حکومت سے بہتری کی کوئی توقع نہیں۔جمعہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر بات نہیں کروں گا،ہمارا مقصد پیپلزپارٹی سے جنگ لڑنا نہیں ہمارا ہدف عمران خان اور یہ نظام ہے جس نے آئین کی حکمرانی قائم نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ سات ماہ کی جدوجہد کے بعد جب حکومت کے خلاف گول کرنے پہنچے تو پیپلزپارٹی نے ٹائم آؤٹ کر کے پی ڈی ایم کی ساری کوششوں پر پانی پھیر دیا، بلاول بھٹو کے بیانات کے پیچھے کوئی سکیم ہے، اس کا مقصد اپوزیشن کو الجھانا اور حکومت کو وقت دینا ہے، ہم حکومت کو فری ہینڈ نہیں دیں گے، کہنے کو تو میں بھی بہت کچھ کہہ سکتا ہوں، آصف علی زرداری کو مراعات کیوں مل رہی ہیں،نوازشریف جب بیرون ملک علاج کیلئے گئے تو پیپلزپارٹی بھی پی ٹی آئی کے تبصروں کی مذمت کرتی تھی، پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ ہم ان کے بیانات کے جواب دیں جبکہ ہمارا مقصد اس حکومت کو گھر بھیجنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح انتقامی احتساب مسلم لیگ (ن) نے دیکھا،پیپلزپارٹی نے تو ابھی کچھ دیکھا ہی نہیں، یہ کس احتساب کی بات کرتے ہیں اگر ان کے خلاف احتساب ہوا تو کوئی باہر نہیں بچے گا،ہمارا امپائر ہماری عوام ہے،پی ٹی آئی کی طرح ہمارا طرز سیاست نہیں، عمران خان ثبوت پیش کریں کس اپوزیشن لیڈر نے فوج کو حکومت کا تختہ الٹنے کا کہا، ملکی معیشت صرف سوشل میڈیا پر مضبوط ہوئی، عوام کو تو مرغی 500اورگھی 300روپے کلو مل رہا ہے، جب تک یہ نالائق حکومت رہے گی ان سے بہتری کی کوئی توقع نہیں۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close