بغیر امتحان کے کسی کو گریڈز نہیں دیئے جائیں گے، امتحانات 24جون کی بجائے کب سے ہوں گے ؟ طلبہ و طالبات کیلئے اہم خبر

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ امتحانات ہر صورت لینے ہیں، بغیر امتحان کے کسی کو گریڈز نہیں دیئے جائیں گے، امتحانات 24جون کی بجائے 10جولائی کے بعد ہونگے، تمام تعلیمی ادارے 7جون سے کھول دیئے جائیں گے، طلبا کی کورس ورک پورا نہ ہونے کی شکایت درست ہے، اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ نویں اور دسویں کے طلبا کی آسانی کیلئے صرف اختیاری مضامین اور ریاضی کے پیپر لئے جائیں گے، پریکٹیکل و باقی مضامین کے امتحانات نہیں ہوں گے، گیارہویں اور بارہویں کے بھی امتحانات صرف اختیاری مضامین میں لئے جائیں گے، ستمبر کے تیسرے ہفتے تک تمام امتحانات کے نتائج آجائیں گے، او لیول کے خصوصی امتحانات 26جولائی سے ہوں گے۔ بدھ کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں چاروں صوبوں کے وزارئے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے امتحانات ایجنڈے کا حصہ تھے، جب کہ دیگر کلاسوں کے امتحانات کے حوالے سے بھی تجاویز زیر غور آئیں۔اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنا کسی بھی حکومت کیلئے آسان فیصلہ نہیں ہوتا ہے اور کسی وباء کی صورت میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوتا ہے جبکہ کورونا وباء کے دوران تعلیم سے متعلق بہت مشکل فیصلے کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سے متعلق تمام فیصلے صوبوں کی مشاورت سے کئے گئے، جس میں جی بی اور آزاد کشمیر کی حکومت سے بھی مکمل مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے امتحانات کے بغیر طلباء کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس سال امتحانات کے بغیر کسی کو بھی گریڈ نہیں ملے گا، حکومت وہی فیصلہ ہے کہ امتحانات تو ہوں گے ، نوید اور دسویں کے امتحانات الیکٹو سبجیکٹس میں لئے جائیں گے وہ مضامین جو طلباء نے اپنے پسند سے لئے ہیں، اس کے ساتھ ریاضی جو سب کیلئے یکساں ہے اس میں بھی امتحان لیا جائے گا، نوید دسویں کے امتحانات صرف چار مضامین ہوں گے، باقی دیگر مضامین امتحانات نہیں ہوں گے جبکہ گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات صرف ان مضامین میں ہوں گے جو طلباء نے اپنے پسند سے لئے ہیں، اور اس کا فیصلہ اس لئے کیا ہے کہ جس نے جن شعبہ میں آگے جانا ہے اس کے مطابق ان کے مضامین کے امتحانات لئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے حکومت چوبیس جون کے بعد امتحانات شروع کر رہی تھی لیکن اب دس جولائی کے بعد سے ہی امتحانات کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا، یہ فیصلہ اس لئے کیا ہے کہ طلباء کو مزید دو سے تین ہفتے مل جائیں گے جبکہ امتحانات میں بورڈز سے کہا گیا کہ سماجی فاصلے کا مکمل احتیاط رکھا جائے جبکہ او لیول کے خصوصی امتحانات 26جولائی سے شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات پہلے ہوں گے اور پھر 9ویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے، امتحانات کا فیصلہ اس لئے بھی کیا گیا ہے تا کہ کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلہ کیلئے آسانی پیدا ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نویں اور دسویں کے بچے اب سکول آنا شروع کر دیں گے تا کہ وہ اپنی بقیہ پڑھائی مکمل کرسکیں، اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو کوویڈ ویکسین کو یقینی بنایا گیا ہے، انہیں ترجیح بنیادوں پر لگایا جائے گا کیونکہ ویکسی نیشن کے بغیرکوئی عملہ حصہ نہیں لے گا اگر ویکسینیشن کو مکمل کرلیا جاتا ہے تو پھر تعلیمی اداروں کو کھولنے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ستمبر کے تیسرے ہفتے تک تمام امتحانات کے نتائج آجائیں۔(اح+م ا)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close