پیپلزپارٹی کی سیاسی حیثیت کوچیلنج نہیں کیا ، حکومت کے خلاف تمام سیاسی قیادت کو ایک پیج پر اکٹھا ہونا ہو گا، رانا تنویر حسین

شیخوپورہ(آئی این پی )چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص معاشی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے حکمران طبقہ ملک وقوم کیلئے زہر قاتل بن چکا ہے ،ان سے فوری نجات کیلئے تمام سیاسی قیادت کو ایک پیج پر اکٹھے ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی ،پیپلزپارٹی کی سیاسی حیثیت کوچیلنج نہیں کیا بلکہ ان کو اصولوں کی سیاست پر عملدرآمد کیلئے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپنے اصولی موقف سے آگاہ کیا ہے، پیپلزپارٹی کی سولو فلائٹ کسی بھی طور پر اپوزیشن کی تحریک کیلئے نیک شگون نہیں، تاہم پارلیمنٹ کے اندر بجٹ کے موقع پر پیپلزپارٹی کو پارلیمان کی مشترکہ اپوزیشن میں احتجاج کی دعوت دی جائیگی، پی ڈی ایم انتخابی نہیں بلکہ سیاسی اتحاد ہے جو موجودہ حکومت سے نجات کیلئے جدوجہد کررہا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما حاجی طارق محمودڈوگر کے روشن کینال پارک خان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول،میاں عبدالرف، چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور،چودھری محمود اختر گورایہ اور میڈیا کوآرڈی نیٹر ندیم صادق گورایہ اور حافظ عبدالرزاق موجودتھے رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت کی طرف سے عوام کو بجٹ میں ریلیف کے دعوے اور وعدے بھی ریت کی دیوار ثابت ہونگے اس وقت ملکی معیشت ڈی ٹریک ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ملکی قرضوں کاحجم بھی بڑھتا جارہا ہے وزیراعظم کا حکومتی ترجمانوں کو معاشی اشاریوں پر مبارکباد دینا مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے حکمران سب اچھا کا نعرہ لگاکر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کا بیانہ ایک ہے حتمی فیصلے نوا ز شریف ہی کرتے ہیں اس لیے پارٹی کے اندرپر کوئی اختلاف نہ ہے انہوں نے کہاکہ عمران حکومت نے نواز لیگ کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کوئی اور قابل ذکر کام نہیں کیا جبکہ اس وقت مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے عوام اور سرکاری ملازمین سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں خود حکومت شوگر مافیا کے ہاتھوں یرغمال بن کر رہ گئی ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کے اندر بدترین کرپشن کا دور دورا ہے عوام دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ حکومت کی ناکامی،نااہلی اور نالائقی کا منہ بولتاثبوت ہے نواز حکومت پر موجودہ مہنگائی کی ذمہ دار کا الزام لگا کر حکمران عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں کررہے ہیں مافیاز اپوزیشن میں نہیں حکومت میں ہوتے ہیں جن کیخلاف حکومت کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا پاکستان آنا حتمی ہے تاہم انکی واپسی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا کیونکہ نواز شریف نے ملک وقوم کیلئے جو خدمات سرانجام دی ہیں اس کو قوم آج بھی یاد کرکے دعائیں دے رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں