گھر والے میری شادی نہیں کرواتے، شاداب خان کا صارفین کے سوالوں کا دلچسپ جواب

اسلام آباد(آئی این پی ) قومی کرکٹر شاداب خان نے صارفین کے سوالوں کا دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گھر والے ان کی شادی نہیں کرواتے۔ آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹوئٹر پر ’آسک شاداب‘ کے ٹرینڈ کے ذریعے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دئیے۔شاداب خان کے سوال و جواب کے اس سیشن میں مداحوں نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا اور شاداب بھی تیزی سے مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے رہے۔انہوں نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ میں مداحوں کو بتایا کہ وہ رات کو ٹوئٹر پر سوال و جواب کے سیشن کا آغاز کررہے ہیں، جو اس میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ ’آسک شاداب‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کریں۔شاداب کی جانب سے اس ٹوئٹ کے سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر ہر طرف یہی ٹرینڈ چھا گیا اور مداحوں نے کرکٹر کیلئے سوالوں کا انبار لگا دیا۔ایک صارف نے شاداب سے پوچھا کہ آج یہ ہی بتادیں کہ آپ شادی کب کررہے ہیں اس سوال کے جواب میں شاداب نے لکھا کہ گھر والے شادی نہیں کرواتے۔اس سوال و جواب کے سیشن میں شاداب کا حسِ مزاح بھی عروج پر رہا، ایک صارف نے لکھا کہ آپ فیلڈ پر اتنی اوور ایکٹنگ کیوں کرتے ہیں۔شاداب خان نے جواب دیا کہ اوور ایکٹنگ نہیں صرف ایکٹنگ کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں 22 سالہ شاداب خان نے بتایا کہ نصرت فتح علی خان کی قوالی ’دل لگی‘ ان کا پسندیدہ گانا ہے۔روہت شرما کی وکٹ لینے کو شاداب نے اپنی یادگار وکٹ قرار دیا۔اس سیشن کے اختتام میں کرکٹر شاداب خان نے اس میں حصہ لینے والے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلد ایسا سیشن دوبارہ منعقد کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close