عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں گے اور پھر کیا کہہ کر وو ٹ مانگیں گے؟ ن لیگی رہنما نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا نیا ڈرامہ کرپشن پراپنے چند بندوں کو گرفتار کرکے اسمبلیاں توڑ دی جائیں، پھر قوم کو بیوقوف بنایا جائے کہ مافیاز سے لڑنے کیلئے مجھے ووٹ دیں، لیکن اب ووٹ نہیں پڑے گا ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی کا معاشی کارکردگی کے میدان میں فیل ہو جانے کے بعد نئے ڈرامہ کا پلاٹ یہ ہے کہ اپنے چند بندوں کو کرپشن پہ گرفتار کر کے اسمبلیاں توڑ دی جائیں اور قوم کو بیوقوف بنایا جائے کہ مافیاز سے لڑنے کے لئے مجھے ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ اب ووٹ نہیں پڑے گا ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ انشاءاللہ! اسی طرح احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مہنگائی ، بیروز گاری اور غربت سے لوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلا نہیں پارہے۔وزیراعظم نے قوم کو بھاشن دیا ہم پیچھے اس لیے رہ گئے کہ ہماریہاں طویل مدتی منصوبہ بندی کافقدان تھا، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل کر کے دکھایا تھا۔ہم میڈیم ٹرم منصوبہ دے کر گئے تھے، آپ تو وہ مکمل نہ کرسکے، تین سال ہو گئے ہمارے 12ویں 5 سالہ منصوبے کو مکمل نہیں کر سکے۔ پاکستان میں لانگ ٹرم منصوبہ بندی صرف مسلم لیگ ن نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وڑن 2025 کو دنیا نے پاکستان کا بہترین ترقیاتی منصوبہ قرار دیا تھا ، آپ جیسے لیڈروں نے ملک کو تباہ کر دیا ، آپ نے پاناما کے نام پر ڈراما کیا ، آپ پاکستان کی دشمن لابی کے آلہ کار بن گئے ہیں۔انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے 13 ہزار ارب روپے کے قرضے لئے ، آپ قرضوں کی واپسی سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں ، آج ملک میں خسارہ رکارڈ سطح پر پہنچ گیا، اس خسارے کو پورا کرنے کے لئے آپ دونوں ہاتھوں سے قرض لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو قرض آپ لے رہے ہیں، وہ آنے والی حکومت اور قوم کیلئے پھندا ثابت ہوگا، حکومت نے عام آدمی کیلئے کیا کیا ہی بجلی اور گیس کہاں سستی کی ہے، ناقص پالیسیوں کے باعث آپ کو ہر ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی ، ملک کے تمام مافیاز آپ کے پروں کے نیچے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں