لاہور (آن لائن) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔جس کے تحت عوام کی طرززندگی میں بہتری آئے گی اور ان کے مسائل کا تدارک ان کی دہلیزپر کیا جائے گا۔یہ ایک ایسا پروگرام ہے جس سے نہ صرف انتظامیہ کی کارکردگی کو مانیٹر کیاجائے گا بلکہ عوام کی شکایات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج جی سی یونیورسٹی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ عوام کو جوابدہ ہے۔’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ پروگرام نے اس وعدے کی تکمیل کو ممکن بنایا۔پہلے مرحلے میں یہ پروگرام تین ہفتوں پر مشتمل ہے۔پہلے ہفتے میں پنجاب کے 36اضلاع میں صوبائی مہم چلائی جارہی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ صفائی نصف ایمان ہے۔تین سال ہم اپوزیشن اور اداروں کی صفائی کرتے رہے۔خواہ سیاسی گندگی ہو یا دوسری گندگی ہم اس کو صاف کریں گے اور اپنی نئی نسل کیلئے ایسا ماحول بنائیں گے جو اُن کی صحت کیلئے اچھا ہو۔انہوں نے کہاکہ صفائی مہم میں سڑکوں، گلیوں ، بازاروں اور محلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے گا۔خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور ناقابل مرمت سٹریٹ لائٹس کو تبدیل کیاجائے گا۔حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے Khidmat@Dehleez ایپ متعارف کروائی ہے جسے ڈائون لوڈ کرکے عوام اپنے علاقے میں صفائی کے حوالے سے انتظامیہ کو شکایات درج کروا سکتے ہیںجبکہ ایک آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے پورے پنجاب میں چلنے والی آن لائن اس مہم کا جائزہ لیا جائے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ پروگرام سروس ڈیلیوری کے حوالے سے ایک کامیاب کیس سٹڈی ثابت ہوگا۔انتظامیہ کے وہ لوگ جو کام نہیں کریں گے گھر جائیں گے۔جو اچھا کام کریں گے ان کو انعام دیا جائے گا۔صرف سزا کا عمل نہیں ہوگا ، اچھے کام کرنے والوں کو جزا بھی دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ حکومت شاہی خاندان کا حصہ نہیں بلکہ یہاں عوام کے حقیقی نمائندے ہیں جو عوام کا دکھ درد سمجھتے ہیں اور ان کے مداوے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعلیٰ کے دروازے ہر ممبر کیلئے کھلے ہیں۔حکومت افسر شاہی کو نوکر شاہی میں بدلنا چاہتی ہے۔وہ دور گیا جب افسران کسی خاندان کی غلامی کرتے تھے۔افسرشاہی نہ صرف عوام کیلئے اپنے دروازے کھولیں گے بلکہ دل بھی کھولیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق دو نہیں ایک پاکستان کی طرف گامزن ہیں۔قانون سب کیلئے برابر ہے۔حکومتی ممبران کے درمیان ٹکرائو نہیں ہوناچاہیے۔علی ظفر کو مشترکہ رپورٹ کاجائزہ لینا تھا۔رپورٹ کو مرتب کرنے میں وقت لگے گا ۔میرا وعدہ ہے کہ جب رپورٹ بنے گی تو وزیراعظم اس کو پبلک کریں گے۔حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جائے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شہزاد اکبر اور نذیرچوہان دونوں میرے بھائی ہیں ان سے گزارش ہے کہ غیرذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں۔کسی کے مذہب کے حوالے سے میڈیا میں بیان بازی کرناصحیح نہیں۔بے احتیاطی اور لاپرواہی کی وجہ سے نذیر چوہان نے جو بیان دیا ، یا تو ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں یا پھر معذرت کریں۔ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہاکہ شہبازشریف پہلے پوزیشن واضح کریں کہ وہ کونسی پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں جس میں سے پی نکل گیا ہے صرف ڈکیٹ موومنٹ رہ گئی ہے۔شہبازشریف مغالطے کا شکار ہیں اور مجھے ان سے ہمدردی ہے۔اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار اداکرے۔قبل ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جی سی یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام ورلڈنو ٹوبیکو ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی یوتھ کسی سے کم نہیں۔یہ حکومت کا حقیقی سرمایہ ہے جو گلے سڑے نظام سے چھٹکارا حاصل کرناچاہتی ہے اور تبدیلی کیلئے نکلی ہے۔ پاکستان کا مستقبل درخشاں اور روشن ہے۔نشے اور اس جیسی دوسری معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے یوتھ ہر اول دستے کاکردار اداکر رہی ہے۔نوجوان نسل معاشرتی رویوں کے باعث نشے جیسی لعنتوں میں مبتلا ہے۔حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کو نشے سے پاک کرناہے۔حکومت نشے کی سپلائی چین کے خلاف سخت کارروائی کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے۔کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جو تباہی کے اصل ذمہ دار ہیں اور قوم کے حقیقی تشخص کو بیچ رہے ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں جو قومی سلامتی سے کھیل رہے ہیں اور ہیروز کو نشے میں مبتلاکرکے زیرو میں بدل رہے ہیں
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں