احتساب پر سمجھوتہ کئے بغیر اپوزیشن سے قومی مسائل پر بات کرنے کو تیار ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدی فواد حسین نے کہا ہے کہ ہم قومی مسائل پر بات کیلئے تیار ہیں لیکن احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہبازشریف کو باہر نہیں جانے دیں گے ،علی ظفر کی طرف سے حکومت کو کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی نہ ہی کوئی رپورٹ کی فنڈنگ شیئر ہوئی ہیں،صحافی اسد طور پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔جمعہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدی فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم متفق ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان گفتگو ہونی چاہیے ، حکومت سے بات چیت کیلئے پیپلزپارٹی نے تو اپنا نمائندہ بنایا لیکن (ن)لیگ کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا، مسلم لیگ (ن) میں فیصلہ کون کرتا ہے ابھی واضح نہیں ،اگر فیصلہ شہبازشریف کرتے ہیں تو میثاق جمہوریت کی بات بہت اچھی ہے ، ہم قومی مسائل پر بات کیلئے تیار ہیں لیکن احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہبازشریف کو باہر نہیں جانے دیں گے ،انہوں نے نوازشریف کی ضمانت دی لیکن نوازشریف واپس نہیں آئے ، ان لوگوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں ، ان سے کیا برآمدگی کی ہم اپنے ووٹرز کو کیا جواب دیں گے ۔جہانگیر ترین کے حوالے سے سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ علی ظفر کی طرف سے حکومت کو کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی نہ ہی کوئی رپورٹ کی فنڈنگ شیئر ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادی اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے ،صحافی اسد طور پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ،آئی جی اسلام آباد کو صحافی پر ہونے والے حملے کی تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں