31 مئی سے مزید اضلاع میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

پشاور(پی این آئی) محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ نے 31 مئی سے مزید اضلاع میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیا، تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کورونا کیسز کی شرح میں کمی دیکھ کر کیا گیا، تعلیمی اداروں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے کورونا کیسز میں کمی کے باعث مزیدضلاع میں نجی وسرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جس کے تحت 31 مئی سے چارسدہ، نوشہرہ ، صوابی، بنوں اور ہری پور میں تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔ان اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے کم ہوگئی ہے۔دوسری جانب وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ ہم سکولوں میں گرمیوں کی کم سے کم چھٹیاں دیں گے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے پاس ویکسین لگوانے والوں کا تمام ڈیٹا موجود ہے، جو یہاں پر ویکسین کے لیے آرہا ہے وہ رجسٹرڈ ہورہا ہے، بہت سارے ویکسی نیشن سینٹرز کھلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں گرمیوں کی کم سے کم 3 ہفتوں کی چھٹیاں دیں گے۔ چھٹیوں کے بعد نیا تعلیمی سال شروع کردیں گے۔اس کے برعکس پنجاب کے تمام سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 7 جون سے شروع کرکے 25 جون تک مکمل کرنے کا تجویز زیرغور ہے۔ اسی طرح امتحانی نتائج کا اعلان 30 جون کو کیا جائےگا، جس کے بعد یکم جولائی سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات کی جائیں گی اور اگست میں تعلیمی سال کا آغاز کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم کی جانب سے تجاویز کو 3 جون کو این سی اوسی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ این سی او سی کی اجازت کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ مزید برآں لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری ونجی سکولوں میں آئندہ ماہ جون میں مرحلہ وار کلاسز کا آغاز کیا جائے گا جبکہ جون میں ہی دسویں تا بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات منعقد کیے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close