پاکستان اور مصر کے درمیان مشترکہ فلم سازی کامنصوبہ

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے مصر کے سفیر طارق دہروگ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے مصر، سعودی عرب اور پاکستان کے مابین فلم پروڈکشن کے شعبہ میں تعاون اور مشترکہ منصوبے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ فلم اور مشترکہ پروڈکشن کے میدان میں تعاون سے نہ صرف ثقافتی بندھن کو تقویت ملے گی بلکہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان اور مصر کے مابین فیچر فلموں کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کے لئے ورچوئل اجلاس منعقد کرنے کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے پاکستانی پروگراموں کی ڈبنگ کے لئے عربی ڈبنگ کی سہولت کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ٹیلی ڈرامہ کے تبادلوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے مصر کے سفیر کو آگاہ کیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ریڈیو اور ٹی وی کے شعبوں میں تعاون کیلئے پاکستان اور مصر کے مابین مفاہمت کی یادداشت کے مسودہ کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے تکنیکی ماہرین اور فنکاروں کے دوروں کے تبادلوں کی راہ ہموار ہوگی۔ ملاقات کے دوران دونوں اطراف کی جانب سے میڈیا تعاون، وفاقی وزیر اطلاعات کے مصر کے ہم منصب ڈائریکٹر ہائی کونسل آف میڈیا مصر کے ساتھ ٹیلیفون رابطے کے انتظام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مصر کے سفیر کو آگاہ کیا کہ حکومت فلم، میڈیا اور پرفارمنگ آرٹ میں تعلیم اور تربیت کی فراہمی کے لئے میڈیا یونیورسٹی کے قیام کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ مصر کے سفیر نے فلم کے شعبہ میں پاکستان، سعودی عرب اور مصر کے مابین مشترکہ منصوبہ کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کی طرف سے تجویز کردہ مشترکہ مذہبی پروگراموں کے لئے تعاون پر بھی اتفاق کیا۔ مصر کے سفیر نے کہا کہ اس کے لئے مصر کے سکالرز پہلے ہی پاکستان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹی وی اور ریڈیو تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کے منتظر ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں