اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار خود پارٹی چھوڑ کرگئے، مسلم لیگ(ن) واپس نہیں لے گی، جب کوئی جماعت چھوڑدیتا ہے تو پھر جماعت بھی اسے چھوڑ دیتی ہے، ان کو واپس آنا ہے تو میاں نواز شریف سے رابطہ کریں۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار کو کسی شخص نے جماعت سے نہیں نکالا، وہ خود پارٹی کو چھوڑ کر چلے گئے، چوہدری نثار نے پریس کانفرنس کرکے جماعت چھوڑی، کسی اور نشان پر الیکشن میں حصہ لیا، جب کوئی جماعت چھوڑدیتا ہے تو پھر جماعت بھی اس کو چھوڑ دیتی ہے۔ اگر ان کو جماعت میں واپس آنا ہے تو پارٹی قیادت سے رابطہ کریں، جماعت ان کو ڈھونڈنے نہیں جائے گی۔ ان کو چاہیے میاں نواز شر یف سے رابطہ کریں، واپس آنا ان کا فیصلہ ہے، لیکن کیا جماعت ان کو واپس لے گی؟ یہ اس سے بڑا سوال ہے میرا نہیں خیال کہ مسلم لیگ ن ان کو واپس لے گی۔ مجھے چوہدری نثار کی مسلم لیگ ن میں جگہ نظر نہیں آتی۔ ان کسی کے ساتھ رابطہ نہیں ہے، ہم سب ان کے عشروں کے دوست ہیں، اگر وہ ہم سے رابطہ نہیں رکھ سکے، میاں نوازشریف سے رابطہ نہیں رکھ سکے تو پھر مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دونہیں ایک ہی بیانیہ ہے۔ ہر ایک کا بات کرنے کا اپنا طریقہ ہے۔ مریم نواز کی جہاں ضرورت ہوتی ہے وہ اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔شہبازشریف بالکل وزیراعظم بن سکتے ہیں ان کو جماعت بنائے گی۔عہدہ ایک امانت ہوتی ہے جو جماعت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا اگر پی ڈی ایم میں واپسی کیلئے موجودہ مئوقف ہی ہے تو پھر ناں ہی سمجھے۔ پورا یقین ہے پیپلزپارٹی کو جہاں سیاسی فائدہ ہوگا وہ استعمال کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں