تمام رکاوٹیں ختم، چوہدری نثار کو حلف اٹھانے کی اجازت مل گئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے چوہدری نثار کو حلف اٹھانے کی اجازت دے دی ، چوہدری نثار کل اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھا سکتے ہیں،حکم امتناعی سے متعلق جانچ پڑتال کی گئی، ان کے خلاف حلف اٹھانے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے رابطہ کیا ہے ، جس میں چوہدری نثار کو آگاہ کیا گیا کہ ان کے حلف اٹھانے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے، وہ کل اسمبلی کا حلف اٹھا سکتے ہیں۔ان کو بتایا گیاکہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے چوہدری نثار کے حلف اٹھانے کیلئے کلیئرنس جاری کردی ہے۔اسمبلی سیکرٹریٹ نے جانچ پڑتال کی ہے ان کے خلاف کوئی حکم امتناعی نہیں ہے۔چوہدری نثار کیخلاف پٹیشنز عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔ان کے حلف اٹھانے کے راستے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔ لہذا چوہدری نثار کو کل حلف اٹھانے کی اجازت دی گئی ہے۔واضح رہے گزشتہ روز چوہدری نثار آج حلف لینے اسمبلی پہنچے تو ان کو بتایا گیا کہ آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر دونوں نہیں آئے۔ اس لیے حلف نہیں لیا جاسکتا۔ لیکن اس کے برعکس معلوم ہوا تھا کہ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے حلف اٹھانے کیلئے چوہدری نثارکےخلاف عدالتی پٹیشنز کو جواز بنایا تھا۔ چوہدری نثار کو بتایا گیا کہ ان کےخلاف مختلف عدالتوں میں 5 پٹیشنز چل رہی ہیں۔جبکہ اسمبلی سیکریٹریٹ کو ابھی پٹیشنز کا اسٹیٹس معلوم نہیں ہے۔ اگر پٹیشن میں چوہدری نثارکےخلاف اسٹے ہوا تو عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ چوہدری نثار سے درخواست کی گئی کہ اسمبلی سیکریٹریٹ کو پٹیشنز کا اسٹیٹس پتا کر لینے دیں۔ چودھری نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہمیشہ سے دوسرا گھر رہا ہے۔ قومی اسمبلی سیٹ پر ناکام ہوا یا ناکام کیا گیا۔الیکشن میں34 ہزارکی لیڈ سے ممبر صوبائی منتخب ہوا۔ حکومت ایک آرڈیننس لانے کی کوشش میں ہے۔ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے ڈی سیٹ کرنے کی کوشش کی۔ ایک ہفتہ قبل حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا اورپنجاب اسمبلی کو لکھ کر بھی دیا۔ آج کہا گیا اسپیکرموجود نہیں، حلف نہیں ہوسکتا۔ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کے رویے کےخلاف عدالت جائیں گے۔ 2 دن بعد حلف اٹھانے پھر آوَں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close