طلبا تیار ہو جائیں، مرحلہ وار نجی و سرکاری سکول کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا

لاہور (پی این آئی) پنجاب بھر میں 7 جون سے مرحلہ وارنجی وسرکاری سکول کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ سکول کھلنے پر لاہور سمیت تمام اضلاع میں 50 فیصد حاضری پر عملدرآمد ہوگا،حکومتی ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب میں سات جون سے مرحلہ وارنجی وسرکاری سکول کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔20اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے بارے این سی اوسی اجلاس میں مشاورت ہوئی، تعلیمی ادارے کھلنے پر لاہور سمیت باقی ماندہ اضلاع میں 50 فیصد حاضری پر عملدرآمد کیا جائے گا۔حکومتی ایس اوپیز پر عملدرآمد کیا جائے۔اس سے قبل 24 مئی بروز پیر سے پنجاب بھر میں مختلف 16اضلاع میں نجی و سرکاری سکول کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔سکولوں کو ہفتے میں چار روز کیلئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولا جاسکے گا۔ جن اضلاع میں سکول کھولے گئے ان میں چکوال، جہلم ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور، بہاولنگر، ساہیوال، شیخوپورہ، چنیوٹ، جھنگ، قصور، پاکپتن اور وہاڑی شامل ہیں۔ مزید برآں گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراء تعلیم کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت تمام وزراء تعلیم اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔بین الصوبائی وزراء تعلیم نے ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کیلئے ٓپشنز کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں نیشنل ایجوکیشن اسیسمنٹ فریم ورک کو بھی صوبوں کے ساتھ شیئر کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال کسی جماعت کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ ایس اوپیز کے تحت ہر صورت امتحانات لیے جائیں گے۔ تمام کلاسز کے امتحانات 20 جون کے بعد شروع کیے جائیں گے۔امتحانات کی حتمی تاریخ کا اعلان صوبے خود کریں گے۔ پہلے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات جون کے تیسرے ہفتے میں لیے جائیں گے۔ رزلٹ تاخیر سے ہونے کی صورت میں جامعات پر وویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کو محدود رکھا جائے گا۔ موسم گرما کی تعطیلات کا فیصلہ صوبے کریں گے، تمام وفاقی اکائیوں کو تعلیمی اداروں میں اساتذہ، نگراں عملے اوردیگر انتظامی اسٹاف کی ویکسی نیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ صوبے جلد اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close