کراچی(آئی این پی ) سندھ رینجرزاور پولیس نے گلشن معمار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے گلشن معمار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے4 ملزمان عبدالرزاق عرف بونا، محمد شمریز، محمد راشد عرف دودھ والا، عدیل عرف عادل کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں کی وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی بر آمد کر لیا، دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ نیو کراچی، گلشن معمار، سہراب گوٹھ اور سپر ہائی وے پر 2016سے دودھ کی رقم لے جانے والے ٹھیکیداروں سے لاکھوں روپے لوٹتے رہے۔ملزمان نے اس کے علاوہ گلشن اقبال، واٹر پمپ، سپر ہائی وے،گلشن معمار اور نیو کراچی کے علاقے میں 300سے زائد چوری، ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں کا اعتراف کیا۔ اس کے علاوہ مذکورہ ڈکیت گینگ نے مختلف مصنوعات کے سیلز مین کی 50سے زائد گاڑیوں کو بھی لوٹنے کا اعتراف کیاہے۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ اورایمونیشن قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں