سعودی عرب نے حج پالیسی کا اعلان نہیں کیا، وزارت مذہبی امور نے حقیقت سامنے رکھ دی

اسلام آباد(پی این آئی )وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے رواں سال عازمین حج کی تعداد سے متعلق اعلان کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب نے ابھی تک حج پالیسی 2021 کا حتمی اعلان نہیں کیا ہے۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ان کی آج ٹیلی فون پر سعودی عرب کے وزارت حج اورعمرہ کے حکام سے بات چیت ہوئی ہے اور انہوں نے بتایا کہ ابھی تک حج پالیسی 2021 کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام نے انہیں بتایا کہ عازمین کی تعداد اور کووڈ ایس او پیزکے حوالے سے پاکستان کو اعتماد میں لیں گے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حج سے متعلق میڈیا پر آنے والی خبریں سعودی وزارت صحت کی سفارشات ہیں اور ان کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ حج پالیسی کے حوالے سے پاکستان کو اعتماد میں لیا جائے گا لیکن فی الحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں