فواد چوہدری نے بھی بزدار کے مخالف وزن ڈال دیا، جہانگر ترین گروپ کے ظہرانے میں پہنچ گئے، ترین گروپ کی شکایات کو درست قرار دے دیا

لاہور (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی بزدار کے مخالف وزن ڈال دیا، جہانگر ترین گروپ کے ظہرانے میں پہنچ گئے، ترین گروپ کی شکایات کو درست قرار دے دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد نے کہا کہ تحریک انصاف ایک خاندان ہے، ہر خاندان میں غلط فہمی ہوتی رہتی ہے، عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، اپوزیشن کو غلط فہمی ہو جاتی ہے کہ تحریک انصاف میں اختلاف پیدا ہو گیا، امید ہے اب اپوزیشن کی لڈیاں ختم ہو جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی ٹی آئی کے رہنما نعمان لنگڑیال کے ظہرانے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کا موقف تفصیل سے سنا، نعمان لنگڑیال سے قریبی تعلقات ہیں، ہمارے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ پارٹی میں مسائل بات چیت سے حل ہوتے ہیں، کچھ مسائل پر بات چیت میں رخنہ بھی آ جاتا ہے لیکن بڑے معاملات پر یہ تمام لوگ بالکل واضح ہیں کہ تحریک انصاف ہماری جماعت ہے اور اس پر کسی قسم کی دو رائے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے معاملے پر پہلے بھی ہم نے واضح موقف رکھا ہے، تحریک انصاف کے اندر نہ تو جہانگیر ترین کو توقع ہے کہ عمران خان ان کے لئے کوئی غیر قانونی سفارش کریں گے اور نہ ہی عمران خان کا یہ مزاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے معاملہ پر علی ظفر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اس کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے، یہ رپورٹ پارٹی کی انٹرنل لائن طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک کورٹ کیسز کا تعلق ہے وہ قانونی معاملات ہیں، اس پر نہ وزیراعظم عمران خان کی کوئی پالیسی ہے اور نہ ہی اس پر کچھ کریں گے، نہ ہی جہانگیر ترین ایسا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں اور ایک ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے اجتماعی اور ذاتی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان کی قیادت میں ہم سب اکٹھے ہیں، انشاءاﷲ عمران خان نے جو ٹاسک مجھے، عامر کیانی اور سیف نیازی کو دیا ہے، اس پر بھرپور طریقے سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو غلط فہمیاں ہو جاتی ہیں کہ تحریک انصاف میں اختلاف پیدا ہو گیا ہے جس پر اپوزیشن کے لوگوں نے لڈیاں ڈالنی شروع کر دی ہیں، امید ہے کہ آج کے بعد ان کی لڈیاں ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی چاروں صوبوں میں نمائندگی ہے، وزیراعظم عمران خان کا چاروں صوبوں میں ووٹ بینک ہے۔ پاکستان مسلم لیگ سینٹرل پنجاب اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی جماعت ہے۔ ملک میں مجموعی طور پر 1100 سے 1200 سیٹوں پر انتخابات ہوتے ہیں، تحریک انصاف کے سوا کوئی ایسی پارٹی موجود نہیں جو اتنی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فخر سے کہتے ہیں کہ تحریک انصاف وفاق کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نمائندہ جماعت کے اندر چھوٹی موٹی چیزیں ہو جاتی ہیں لیکن اس کا ایک طریقہ کار موجود ہے، ہم ان مسائل کو حل کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبے میں پیسے ڈوبے نہیں بلکہ بچائے گئے ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے میں کسی رکن اسمبلی کو ترقیاتی فنڈ جاری نہیں کیا جا رہا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں