ایک پاسپورٹ پر کتنے فون رجسٹر ہو سکتے ہیں؟رجسٹریشن فیس کتنی ہو گی؟ ایف بی آر نے وضاحت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے موبائل فونز کی کسٹمز ڈیوٹی پر وضاحت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق پی ٹی اے کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں علم ہوا کہ غیرملکی مسافر اپنے پاسپورٹ پر پانچ موبائل فون رجسٹر کر سکتے ہیں۔ 500 ڈالر سے زائد مالیت کے فون پر ٹیکس سے متعلق فرق ہے۔پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سے رجسٹریشن میں فرق 9000 روپے ہے۔ فرق ختم کرنے اور 1 فون کی اجازت کے لیے وی بوک موڈیول میں تبدیلی کی جارہی تھی کہ اس دوران پراسیس تکنیکی خرابی سے ودہولڈنگ ٹیکس چھوٹ سسٹم سے خارج ہوگئی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وضاحت کی کہ تکنیکی خرابی کے باعث پاسپورٹ پر فون رجسٹریشن پر36720 روپے ڈیوٹی چارج ہونے لگی، مسئلے کے حل کی کوشش جاری ہے، تکنیکی ٹیم جانچ پڑتال کر رہی ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عائد ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی درستگی کا معاملہ کل تک ٹھیک کر لیا جائے گا۔ بورڈ آف ریونیو نے مزید کہا کہ جن افراد سے زائد ڈیوٹیز وٹیکسز لیے گئے ان کو وہ رقم واپس کردی جائے گی، ایف بی آر اس خرابی کی وجہ سے پیش آنے والی مشکل پر معذرت خواہ ہے۔ خیال رہے کہ فون اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے چند سال قبل ایف بی آر نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے اشتراک سے DIRBS نافذ کیا تھا جس کے تحت بیرون ملک سے آنے والے موبائل فونز کی رجسٹریشن کے لیے مختلف کٹیگری بنا رکھی ہیں۔ایک لاکھ اور اس سے زائد مالیت کا موبائل فون بیرون ملک سے لانے کے 60 یوم کے اندر اسے رجسٹرڈ کروانا لازم ہوتا ہے ، بیرون ملک سے آنے والا مسافر اپنے پاسپورٹ نمبر کے ذریعے پی ٹی اے نظام میں فون کے کوائف بیان کر کے کسٹم ڈیوٹی کا PSID حاصل کرتا ہے جو 31520 روپے ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں