نیب اِن ایکشن، بڑی گرفتاری عمل کر لی گئی

نوشہرہ (پی این آئی)سے زائد شکایات وصول ہونے پر نیب کی کارروائی، آن لائن کاروبار کے نام پر معصوم عوام سے 50 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے والے شخص کو گرفتار، گرفتار ملزم نے کاروبار کے نام پر لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنے سے انکار کر دیا \تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے آن لائن کاروبار کے نام پر کروڑوں روپے لوٹنے والے ملزم وسیم زیب خان کو گرفتار کر لیا، ملزم کا تعلق پبی نوشہرہ سے ہے۔نیب سے جاری تفصیلات کے مطابق مذکورہ ملزم نے آن لائن کمپنی میسرز www.pslashuk.com کے سینئر ڈائریکٹر کی حیثیت سے دیگر ملزمان سے مل کر آن لائن کاروبار اور جعلی سکیموں کے ذریعے عوام کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی سے لوٹا اور ان سے بھاری منافع کا لالچ دے کر رقوم اکٹھی کیں۔جب یہ ویب سائٹ آن لائن دستیاب نہ ہوئی تو متاثرین نے مذکورہ ملزم سے رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا تاہم اس نے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔مذکورہ ملزم نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے معصوم لوگوں کو ان کی محنت کی کمائی سے محروم کرکے 500 ملین روپے لوٹے، اب تک نیب کو 700 سے زائد شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے مذکورہ ملزم کو 8 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب خیبرپختونخوا کے حوالہ کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا بریگیڈیئر (ر) فاروق نصر اعوان نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے وڑن کے تناظر میں بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم واپس لانے کیلئے بلاخوف و خطر کوششیں جاری رہیں گے۔واضح رہے کہ ملک میں آن لائن کاروبار کے نام فراڈ کے سینکڑوں واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ عوام انٹرنیٹ پر غیر تصدیق شدہ ویب سائٹس سے شاپنگ کرتے ہیں، لیکن اُنہیں کی مطلوبہ پروڈکٹ مہیا کرنے کے بجائے، انتہائی گھٹیا معیار کی چیز ڈیلیور کر دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں ای کامرس کے کاروبار کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، عوام کا آن لائن شاپنگ سمیت آن لائن دیگر کاروبار میں پیسے کی سرمایہ کاری کے رجحان میں بھی کمی ہو رہی ہے، تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے اقدامات نہیں اُٹھائے جا رہے، جس کی تازہ مثال 700 سے زائد شکایات وصول ہونے کے بعد نیب کا ملزمان کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں