پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے پارلیمانی بورڈ نے 45 موزوں ترین امیدواروں کے ناموں کی فہرست تیار کر لی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے پارلیمانی بورڈ نے آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے لئے 45 حلقوں کے موزوں ترین امیدوار وں کے ناموں کی فہرست تیار کر لی جو حتمی منظوری کے لئے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائیگی ۔اس ضمن میں گذشتہ روز محترمہ فریال تالپور انچارج سیاسی امور پی پی پی ازادکشمیر کی زیر صدارت پی پی پی کے الیکشن بورڈ کا اجلاس ہوا -اجلاس میں ممبران بورڈ سید نیر حسین بخاری۔ راجہ پرویز اشرف۔ قمر الزمان کائرہ ۔صدر پی پی پی چوھدری لطیف اکبر۔ چوھدری عبدالمجید۔ سردار یعقوب خان۔چوھدری محمد یاسین۔ چوھدری پرویز اشرف۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور۔سردار قمر الزمان خان۔سردار جاوید ایوب۔میاں عبدالوحید۔عامر غفار لون۔چوھدری فخر الزمان گلپیڑاور نبیلہ ایوب خان نے شرکت کی ۔اجلاس میں انٹرویو کے مرحلے سے کزرنے والے موزوں امیدواروں کے ناموں کی فہرست تیار کی گئی جوحتمی منظوری کے لیے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی بورڈ کو آزاد کشمیر بھر اور مہاجرین مقیم پاکستان سے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں اور درخواست دہندگان کو انٹرویو کے لئے پیش ہونے کا موقع دیا گیا۔ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انچارج سیاسی امور پی پی پی محترمہ فریال تالپور نے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستیں دینے والے تمام درخواست دہندگان کے ساتھ ساتھ بورڈ کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پارٹی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے پوری لگن سے پارٹی ڈسپلن اور کرونا ایس او پیز کا خیال رکھا اور جمہوری عمل میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس ملک کی سب بڑی جمہوری پارٹی ہے جس نے پاکستان کی معاشی،سیاسی ،سماجی ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا اور اداروں کو مضبوط بنایا ۔ہماری پارٹی جب بھی آزاد کشمیر میں اقتدار میں آئی اس نے ریاست کی ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کو منشور اور ایجنڈے کا حصہ بنایا اور آئندہ بھی آزاد جموں وکشمیر کے عوام کی خدمت اسی جوش و جذبہ سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ایک حلقے میں ایک بندے کو ہی پارٹی ٹکٹ مل سکتا ہے لہذا باقی پارٹی لیڈر اور کارکن تیر کی کامیابی کے لئے بھرپور مہم چلائیں۔ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری خود الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔ ہم جی بی انتخابات والا ڈرامہ یہاں نہیں چلنے دیں گے اور نہ ہی عوام کا مینڈیٹ چرانے کی کسی کو اجازت دیں گے۔ کارکن پولنگ والے روز بیلٹ پر پہرہ دیں اور بکسے چوروں پر بھی نظر رکھیں۔ یہ پیپلز پارٹی کا الیکشن ہے فتح بھٹوازم کی ہو گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close