نواز شریف لندن میں غیر محفوظ، حکومت پاکستان نے سابق وزیراعظم کو بڑی پیشکش کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی معاون خصوصی سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نوازشریف لندن میں محفوظ نہیں تو واپس آجائیں، جیل میں مکمل سیکیورٹی ملے گی، اللہ نوازشریف کو محفوظ رکھے، حیرانی کی بات ہے کہ مریم نواز لندن میں سیکیورٹی کی ذمہ داری بھی سیاسی مخالفین پر ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اللہ محفوظ رکھے۔حیرانی کی بات ہے کہ وہ خود لندن گئے اور واپس آنے کو تیار نہیں اب وہاں پر ان کی سیکورٹی کی ذمہ داری آپ اپنے سیاسی مخالفین پر ڈال رہی ہیں۔ اب بھی وقت ہے اگر آپ کے والد لندن میں محفوظ محسوس نہیں کر رہے تو انہیں فورا واپس آنا چاہئیے۔ یہاں جیل میں مکمل سیکورٹی ملے گی۔ واضح رہے قائد مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کے لندن دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونےکی کوشش کی، اس موقع پر اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی دفتر میں موجود تھے، حسن نواز کے دفتر آنے والے افراد نے نوازشریف گارڈز کے ساتھ بحث وتکرار بھی کی۔نوازشریف کے گارڈز نے پولیس بلائی تو چاروں افراد وہاں سے چلے گئے۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ صدر ن لیگ اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ لندن میں حسن نواز کے دفتر میں حملے کی نیت سے زبردستی غنڈوں کا گھس آنا انتہائی قابل مذمت ، شرمناک او ر تشویشناک امر ہے۔ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ قائد محمد نوازشریف اس حملے میں محفوظ رہے۔ان نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر محمد نوازشریف پر مذموم حملے کی نیت سے دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے۔ لندن پولیس اور متعلقہ حکام اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ لندن مسلم لیگ (ن) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کرائیں۔ اسی طرح نائب صدر مسلم لیگ مریم نواز نےلندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے چار نامعلوم افراد کے حملہ کرنے کے ردعمل پر کہا کہ نوازشریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی، ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں