لاہور(پی این آئی) وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے 24 مئی سے مختلف اضلاع میں نجی و سرکاری سکول کھولنے کا اعلان کردیا ہے، 50 فیصد حاضری کے ساتھ ہفتے میں چار دن سکول کھولے جائیں گے، سکولوں میں ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ 24 مئی بروز پیر سے پنجاب بھر میں مختلف 16اضلاع میں نجی و سرکاری سکول کھولنے کی اجازت ہوگی۔سکولوں میں ہفتے میں چار روز کیلئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولا جاسکے گا۔ اس دوران سکولوں میں حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمد یقیینی بنانا ہوگا۔ جن اضلاع میں سکول کھولے جائیں گے ان میں چکوال، جہلم ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور، بہاولنگر، ساہیوال، شیخوپورہ، چنیوٹ، جھنگ، قصور، پاکپتن اور وہاڑی شامل ہیں۔این سی اوسی نے ہدایت کی تھی کہ جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 5 سے زائد ہے ان اضلاع میں 24 مئی سے سکول نہیں کھولے جائیں گے۔ مزید برآں وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں بھی 6 جون تک توسیع کردی گئی ہے، وفاقی نظامت تعلیمات نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کورونا کیسز کی شرح 6 فیصد ہونے کی وجہ سے وفاقی تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کی گئی ہے۔7جون کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ 3جون کو این سی اوسی کے اجلاس میں ہوگا۔ اسی طرح ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق وفاقی حکومت نے ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا ہے، ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ این سی اوسی کی مشاورت سے کیا گیا، ٹیچرز کی فوری ویکسی نیشن کا فیصلہ تعلیمی تعطل ختم کرنے اور تعلیمی نقصان کم کرنے کیلئے کیا گیا، تعلیمی شعبے میں تدریسی اور دوسرے عملے کی ویکسی نیشن میں وفاقی حکومت مدد کرے گی،اسی طرح بورڈ امتحانات سے قبل نگران عملے کی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ویکسی نیشن مکمل کرنے کیلئے صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو بھی خطوط ارسال کردیے گئے ہیں کہ 5جون سے قبل ویکسی نیشن مکمل کی جائے تاکہ 7جون سے سکولوں کو کھولاجاسکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں